جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں اتوار کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے ربن میں اتوار کی صبح چھڑنے والے مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہیں اور علاقہ میں کامبنگ آپریشن بھی جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے ربن نامی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس، فوج کی ایک راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کی صبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم چھڑ گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کے قبضہ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے اور علاقہ میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات رکھی گئی ہے۔