کشمیر: کورونا میں مبتلا خاتون مریض کی موت

    0

    سری نگر: وادی کشمیر میں ضلع سری نگر سے تعلق رکھنے والی ایک 65 سالہ خاتون کی موت کے بعد کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے جموں و کشمیر میں اس وائرس میں
    مبتلا مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 36 ہوگئی ہے۔شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ متوفی خاتون کو جمعرات کی صبح اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اس کی بعد میں موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی شام دیر گئے اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ متوفی خاتون نمونیا سمیت کئی عارضوں میں مبتلا تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسپتال میں داخل کرائے جانے کے ایک گھنٹے کے اندر ہی دم توڑ گئی۔
    ادھر اس خاتون کی موت کے ساتھ جہاں وادی کشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد 32 ہوگئی وہیں ضلع سری نگر میں یہ تعداد بڑھ کر 9 ہوگئی ہے۔ سری نگر
    کے بعد دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک سات اموات درج ہوئی ہیں جب کہ اننت ناگ میں پانچ، کولگام میں چار، شوپیاں میں تین، بڈگام میں دو اور کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں ایک ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر راہی ملک عدم ہوگیا ہے۔جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں اب تک مجموعی طور پر 36 افراد کورونا میں مبتلا ہوکر چل بسے جن میں سے 32 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ چار صوبہ جموں کے رہنے والے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS