کشمیر: کورونا میں مبتلا کمسن بچے اورمعمرشخص کی موت

    0

    سری نگر: وادی کشمیر میں ایک کمسن بچے اورعمر رسیدہ شخص کی کورونا سے موت واقع ہونے کے ساتھ جموں وکشمیر میں اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 75 ہوگئی ہے۔
    سری نگر کے بمنہ علاقے سے تعلق رکھنے والا کورونا میں مبتلا 15 روز کا بچہ جموں و کشمیر میں اس وائرس میں مبتلا ہو کر از جاں بحق ہونے والوں میں سب سے کم عمر ہے۔شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے بتایا کہ بمنہ سری نگر سے تعلق رکھنے والے بچے کی جمعہ کی صبح قریب گیارہ بجے یہاں موت واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ دل کی بیماری میں مبتلا میں اس بچے کا 16 جون کو ٹیسٹ لیا گیا تھا جو اگلے روز مثبت آیا تھا۔قبل ازیں شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے  سے تعلق رکھنے والے کورونا میں مبتلا ایک 80 سالہ مریض کی سکمز میں ہی جمعہ کی صبح قریب نو بجے موت واقع ہوئی تھی۔
     میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ متوفی معمر شخص،جو مختلف عارضوں میں مبتلا تھا،کو 17 جون کو ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اورجمعہ کی صبح قریب نو بجے اس کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔کمسن اور معمر کورونا مریضوں کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 75 ہوگئی ہے جن میں سے 66 کا تعلق کشمیر سے ہے جب کہ نو جموں کے رہنے والے ہیں۔
    وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیاد 18 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 13 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔ضلع شوپیاں میں نو، کولگام میں آٹھ،اننت ناگ میں چھ، کپوارہ میں پانچ، بڈگام میں تین، پلوامہ میں دو اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS