کشمیر میں کورونا کے تیور مزید سخت،نصف درجن ڈاکٹر بھی متاثر،پے در پے اموات سے مرنے والوں کی تعداد 15تک پہنچی

    0

    سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
    وادی کشمیر میں ہر گذرتے دن کے ساتھ کووِڈ 19کی بیماری مزید پھیلتی جارہی ہے یہاں تک کہ آج ایک ہی دن میں اس بیماری کی وجہ سے یہاں دو اموات ہوئیں۔ اس دوران شام ہوتے ہوتے  80 سے زیادہ مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
    کووِڈ 19 کے نوڈؒ افسر ڈاکٹر سلیم نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کی ایک 65سالہ خاتون کا سہ پہر کے قریب کووِڈ مریضوں کیلئے خاص چسٹ ڈزیز (سی ڈی) اسپتال میں انتقال ہوا ہے اور یہ آج دن میں ہونے والی دوسری موت تھی۔انہوں نے کہا ’’وہ خاتون ایس ایم ایچ ایس کے آئی سی یو میں بھرتی تھیں  جہاں سے انہیں سی ڈی اسپتال منتقل کیا ہی گیا تھا کہ دل کا دورہ پڑنے سے انکا انتقال ہوگیا‘‘۔ اس سے قبل کووِڈ  19 کے شکار ایک 75 سالہ شخص کی بھی موت ہوئی تھی۔
    کووِڈ 19 کے بہانے ایک ہی دن میں دو افراد کے انتقال کرجانے کا یہ واقعہ ایک نوجوان خاتون کے دم توڑ جانے کے اگلے دن پیش آیا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے دن سرینگر کے حبہ کدل علاقہ کی ایک 29سالہ خاتون کی بھی کرونا وائرس کے بہانے کی موت واقع ہوگئی تھی۔وہ جموں کشمیر میں ابھی تک اس مہلک مرض کا شکار ہوکر انتقال کرجانے والوں میں سے سب سے کم عمر کی تھیں حالانکہ اس سے قبل سرینگر کے ہی ایک  36 سالہ شخص کی موت ہوئی تھی۔تازہ اموات کے بعد جموں کشمیر میں کووِڈ 19 کے بہانے مرنے والوں کی کُل تعداد 15ہوگئی ہے جن میں سے دو کا تعلق جموں صوبہ سے تھا۔
    اس دوران وادیٔ کشمیر میں تیزی کے ساتھ کووِڈ 19 پھیلتے محسوس ہورہا ہے۔ سرکار نے ٹیسٹ کرانے کی شرح میں کئی گنا اضافہ کیا ہے اور جوں جوں زیادہ ٹیسٹ ہورہے ہیں زیادہ سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ہورہی ہے یہاں تک کہ روز نئے ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے جارہے ہیں۔ آج سہ پہر ہوتے ہوتے کم از کم  83نئے مریضوں کی تصدیق ہوچکی تھی اور سب سے فکر مندی کی بات ہے کہ ان میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال کے کم از کم پانچ ڈاکٹر شامل ہیں۔ اسپتال میں ذڑائع نے بتایا کہ جن ڈاکٹروں کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے ان میں کم از کم دو سینئیر کنسلٹنٹ اور دو رجسٹرار ہیں۔ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ وہ ایک پازیٹیو مریض کی جراحی کے دوران وائرس کا شکار ہوگئے ہیں حالانکہ اس جراحی کے وقت انہیں مریضہ کے پازیٹیو ہونے کا علم نہیں تھا کیونکہ انکا ٹیسٹ آنا باقی تھا۔
    اسپتال میں ذڑائع نے انکا نام نہ لئے جانے کی شرط پر بتایا کہ یہاں مزید کئی ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کے افراد کے کووِڈ  19 پازیٹیو ہونے کا خدشہ ہے۔ حالانکہ اسپتال کے ایک افسر نے اس بات کی تردید کی۔

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS