صحافی کرن تھاپر، سدھارتھ وردراجن کو گرفتاری سے راحت :سپریم کورٹ

0

نئی دہلی، (یو این آئی) : سپریم کورٹ نے سینئر صحافی کرن تھاپر اور سدھارتھ وردراجن کو ان کے خلاف آسام میں درج ایک مقدمے میں راحت دیتے ہوئے جمعہ کو ان کی گرفتاری پر عبوری روک لگا دی ہے۔

جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیہ باگچی کی بنچ نے سینئر وکیل نیتیا رام کرشنن کی درخواست پر یہ حکم صادر کیا۔ بنچ کے سامنے سینئر وکیل رام کرشنن نے معاملے کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے دونوں صحافیوں کی جانب سے یہ دلیل دی کہ آسام پولیس کی جانب سے درج ایک مقدمے میں درخواست گزاروں کو پہلے ہی سپریم کورٹ نے عبوری تحفظ فراہم کی تھی، اس کے باوجود انہیں ایک اور معاملے میں سمن جاری کیا گیا ہے۔

اس پر بنچ نے معاملے کو 15 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران درخواست گزار وردراجن اور تھاپر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 152 کے تحت درج مقدمے میں کوئی سخت کارروائی نہیں کی جائے گی، بشرطیکہ وہ تفتیش میں شامل ہوں اور تعاون کریں۔

یہ معاملہ “آپریشن سندور” سے متعلق ایک مبینہ قابل اعتراض مضمون شائع کرنے پر آسام کے موری گاؤں تھانے میں 11 جولائی کو درج کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS