بڑھتے نفرت کے ماحول کے خلاف جامعہ ملیہ کے باہر مظاہرہ

0

انوارالحق
نئی دہلی (ایس این بی) : ملک میںلگاتار بڑھتے نفرت کے ماحول اور مسلمانوں پر ہو رہے ظلم و تشدد کے خلاف جامعہ ملیہ اسلامیہ گیٹ نمبر8 پر ایس آئی او، آئیسا، سی ایف آئی، اے آئی آر ایس او، ڈی آئی ایس ایس سی ودیگر طلبا تنظیموں کی جانب سے آج بعد نماز ظہر ایک متحدہ مارچ نکالا گیا۔اس مارچ میںتقریباً 50 طلبا شریک تھے ۔مارچ میں شریک طلبا نے ملک میں بڑھتے تشدد کے واقعات اورگزشتہ دنوں جے این یو میں برسراقتدار طلبا تنظیم اے بی وی پی کی غنڈہ گردی کے خلاف بھی احتجاج درج کرایااور اس کی پرُزور مذمت کے ساتھ سرکار اور انتظامیہ کے خلاف اپنے غم و غصے کا کھل کر اظہار کیا۔
اس موقع پراسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر مصدق مبین نے مارچ کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “ملک میں بڑھ رہی نفرت کی فضا اور مسلمانوں پر ہورہے ظلم کے پے درپے واقعات ہمارے یہاں کے قانون، عدلیہ اور انتظامیہ پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں۔ پورے ملک میں لاقانونیت کی فضا بنی ہوئی ہے اور مسلمانوں کو طرح طرح سے پریشان کیا جا رہا ہے۔ ہم سب کے لئے یہ حالات تشویش ناک ہے۔ ہم سرکار سے مانگ کرتے ہیں کہ وہ مسلمانوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ اور ملک میں اس طرح انتشار پھیلانے والے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نبٹا جائے۔ نفرتی تقاریر پر قدغن لگائی جائے اور ایسا کرنے والے مجرموں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیجا جائے۔ آکاش شرما نے کہاکہ میں ذات کا برہمن ہوں میں کیا کھاتا ہوں اور کیاکھانا ہے اس کا فیصلہ مجھے کرنا ہے ۔ کون کیا کھارہا ہے اور کیا کھائے اس کا بھی طے کوئی دوسرا نہیں کرسکتا۔انھوں نے کہاکہ حکمراں جماعت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہورہے ہیں اس لئے اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے اے بی پی اور دیگر فرقہ پرست تنظیموں کے سہارا لے کرملک میں بد امنی پھیلا کر لوگوں کی توجہ دوسری جانب مرکوز کروارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS