جموں وکشمیر پولیس نے کپوارہ سے دو جنگجوؤں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

    0

    سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ایک آپریشن کے دوران جیش محمد نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ دو جنگجوؤں کو گرفتار کر کے ان کی تحویل سے اسلحہ و بھاری نقدی رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
    پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کپوارہ پولیس کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والے جیش محمد کے دو جنگجو غالباً کپوارہ پہنچ رہے ہیں جہاں وہ نوجوانوں کو جنگجوؤں کی صفوں میں شامل کرنے والے ہیں۔
    بیان میں کہا گیا کہ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فوج کی 47 آر آر اور کپوارہ پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ضلع میں مختلف مقامات پر ناکے لگائے اس دوران درگمولہ میں ایف سی آئی گودام کے نزدیک ایک گاڑی کو روک دیا گیا جس میں سواردو جنگجوؤں کو گرفتارکیا گیا۔
    گرفتارشدہ جنگجوؤں کی شناخت وسیم ارشاد گبرو ولد ارشاد احمد گبرو ساکنہ تکیہ بل آرم پورہ سوپور اور معراج الدین وانی ولد غلام الدین وانی ساکنہ بڈشاہ مسجد سوپورکے بطور کی گئی ہے۔
    بیان میں کہا گیا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران ایک اے کے 47 رائفل، ایک میگزین، دو گرینیڈ، تیس اے کے راؤنڈس اور نقدی سات لاکھ روپے برآمد کئے گئے۔بیان کے مطابق اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کپوارہ میں ایک کیس درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS