سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
شمالی کشمیر کے سوپور قصبہ میں آج نا معلوم جنگجوؤں نے سرکاری فورسز پر حملہ کرکے دو اہلکاروں کو ہلاک اور ایک کو شدید زخمی کردیا ہے۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں حالانکہ فوج اور دیگر فورسز نے ایک وسیع علاقے کو گھیرے میں لیا ہے اور تلاشی کارروائی جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ حملہ سنیچر کی سہ پہر کو سوپور کے نورباغ علاقہ میں ایک درویش احد بب کے نام سے مشہور چوراہے کے قریب ہوا ۔ان ذرائع نے بتایا کہ حملہ آور جنگجو، جنکی تنظیمی وابستگی اور تعداد کے بارے میں ابھی معلوم نہیں ہو سکا ہے،ایک گلی میں سے نمودار ہوئے اور اُنہوں نے ڈیوٹی پر موجود سی آر پی ایف کی ایک ٹکڑی پر اندھا دند فائرنگ کی۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز نے جواب میں شدید فائرنگ کی تاہم جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ کم از کم تین سی آر پی ایف جوان خون میں لت پت گر گئے جنہیں دیگر ساتھیوں نے نزدیکی سب ضلع اسپتال پہنچا تو دیا تھا لیکن ان میں سے دو جوانوں نے دم توڑ دیا جبکہ ایک ،جو ڈرائیور بتائے گئے ہیں، کی حالت نازک ہے۔
جموں کشمیر پولس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو جوان مارے گئے ہیں جبکہ ایک ڈرائیور زخمی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگجوؤں نے سی آر پی ایف کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہے اور حملہ آوروں کو جلد ہی قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔
وادیٔ کشمیر میں حالیہ دنوں تشدد کے واقعات میں اچانک تیزی آئی ہے جن میں تاہم سرکاری فورسز کا پلڑا بھاری ہے۔جنوبی کشمیر سے لیکر شمالی کشمیر تک سرکاری فورسز نے گذشتہ ایک ہفتے میں قریب نصف درجن جنگجوؤں کو مار گرایا ہے۔جنوبی کشمیر کے شوپیاں ضلع میں گذشتہ روز دو جنگجوؤں کے مار گرائے جانے کے چند ہی گھنٹوں کے بعد پلوامہ میں فورسز پر حملہ ہوا تھا جس میں دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔