سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
جموں کشمیر پولس نے آج جیشِ محمد کے ایک ایک اعلیٰ کمانڈر اور بارودی سرنگوں کا دھماکہ کرنے کے ماہر ولید بھائی کو اپنے دو ساتھیوں سمیت مار گرا کر ’’بڑی کامیابی‘‘ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا۔پولس کا کہنا ہے کہ ولید کئی بار فورسز کا محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوتے آرہے تھے یہاں تک کہ آج اسکے ہتھے چڑھ گئے۔
جموں کشمیر پولس کے انسپکٹر جنرل برائے کشمیر (آئی جی پی کے) وجے کمار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ولید بھائی کا مارا جانا کشمیر میں ملی ٹینسی کیلئے بڑا دھچکہ اور سرکاری فورسز کیلئے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں دمحال ہانجی پورہ علاقہ کے ناگناڈ گاؤں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی خبر ملنے کے ساتھ ہی فوج، سی آر پی ایف اور جموں کشمیر پولس نے اس علاقے کا محاصرہ کر لیا اور پھر ہوئی مڈبھیڑ میں تین جنگجو مارے گئے جن میں سے ایک جیشِ محمد کے سرکردہ کمانڈر اور بارودی سرنگوں کا دھماکہ کرنے کے ماہر ولید بھائی بھی شامل ہیں۔ وجے کمار نے کہا کہ ولید ان بارہ ملی ٹینٹ کمانڈروں میں شامل تھے کہ جو سرکاری فورسز کے مطلوب ترین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے شمالی کشمیر کے سوپور میں مارے گئے اسامہ بھائی بھی ان بارہ کمانڈروں میں شامل تھے جنکی فہرست 2 جولائی کو مطلوب ترین ملی ٹینٹ لیڈروں کے بطور سامنے لائی گئی تھی اور اب جبکہ یہ دو مارے جاچکے ہیں فہرست میں دس کمانڈر باقی بچے ہیں۔
ولید کے مارے جانے کو ایک ’’بڑی کامیابی‘‘ بتاتے ہوئے آئی جی کشمیر نے کہا کہ مذکورہ کے پاس سے امریکی ساخت کی ایم 4-کاربائن رائفل برآمد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں جیشِ محمد کے فقط ایک ،عدنان بھائی، ملی ٹینٹ با قی بچے ہیں جو بارودی سرنگوں کے ماہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور کشمیر میں حزب المجاہدین کے پانچ، جیشِ محمد کے دو اور لشکرِ طیبہ کے تین کمانڈر سرکاری فورسز کے انتہائی مطلوب ہیں جنہیں،بقولِ انکے، جلد ہی مار گرایا جائے گا۔