جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے زونی مر نامی علاقہ میں اتوار کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں اب تک تین جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے پوزوالپورہ زونی مر میں جنگجوئوں کی موجودگی کے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سری نگر پولیس اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کی صبح کارڈن ایند سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ پارٹی جب مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کررہی تھی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر تصادم چھڑ گیا۔
ان میں سے دو جنگجو 2019 سے ایکٹو ہیں۔ ایک گذشتہ ماہ بی ایس ایف (بارڈر سیکیورٹی فورس) کے دو جوانوں پر حملے میں ملوث تھا۔
اینکاونٹر کے دوران سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے تین اہلکار اور ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع سری نگر میں موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرنے کے علاوہ تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی ہے۔
یہ سری نگر میں رواں برس چھڑنے والا دوسرا مسلح تصادم ہے۔