جامعہ کے طلباء نے گولی چلنے کے واقعہ سے ناراض ہوکر پوری رات کیا مظاہرہ

0

نئی دہلی:جامعہ  ملیہ اسلامیہ میں سی اے اے،این آرسی کے خلاف مظاہرے کے دوران اتوار کی دیر رات نامعلوم لوگوں نے پھر سے گولی چلائی جس سے وہاں افرا تفری مچ گئی اور اس سے  مشتعل طلبہ نے رات بھر مظاہرہ کیا اور جامعہ  نگرتھانے کو گھیر کر نعرے بازی  کی۔ جامعہ رابطہ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مظاہرے کے مقام پر چند قدم کے فاصلے پر گیٹ نمبر5پر کل رات تقریباً 12بجے اسکوٹی پر سوار 2 لوگ ہوا میں گولی چلا کر فرار ہوگئے۔ موقع پر موجود کئی لوگوں نے حملہ آور کو وہاں سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا۔ 30جنوری  کو بھی دن دہاڑے پولیس سکیورٹی کے درمیان ایک شخص نے گولی چلائی تھی، جس میں ایک طالب علم  زخمی ہوگیاتھا۔ اسی طرح ہفتے کو شاہین باغ میں مظاہرے کےمقام سے کچھ فاصلے پر ایک شخص نے ہوا میں گولیاں چلائیں۔ جامعہ کے طلبہ نے بتایا کہ گولی چلانے والا شخص لال رنگ کی اسکوٹی پر سوار ہوکر آئےتھے۔ بڑی تعداد میں طلبہ نے پہنچ کر پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔ ساتھ ہی سیکڑوں طلبہ نے جامعہ نگر پولیس تھانے  کے باہر مظاہرہ اور نعرے بازی کی۔ پولیس کی جانب سے نامعلوم لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ(آئی پی سی)307 اور مسلح ایکٹ کے سیکشن 27کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کے بعد طلبہ تھانے کے پاس سے ہٹے۔ مظاہرین طلبہ کے درمیان جامعہ نگر تھانے کے ایس ایچ او اپیندر سنگھ پہنچ کر طلبہ کو سکیورٹی دینے اور جرائم کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کی۔ پولیس نے کہا کہ وہ گیٹ نمبر 5 اور7 سے سی سی ٹی وی فٹیج حاصل کی جائے گی اور جو حقائق سامنے آئیں گے، انہیں بھی ایف آئی آر میں شامل کیاجائےگا اور کارروائی کی جائےگی۔ اس سے پہلے اڈیشنل پولیس ڈپٹی کمشنر گیانیش نے کہا تھا،’ایس ایچ او جامعہ نگر نے اپنی ٹیم کے ساتھ جاکر علاقے کی تلاشی لی۔ وہاں انہیں گولی کے خالی کھوکھے نہیں ملے۔ اس کے علاوہ ،مبینہ حملہ آور  کس گاڑی سے آئے تھے اس پر لوگوں کے الگ الگ بیان ہیں۔
دہلی پولیس کمشنر امولیے پٹنائک نے اتوار کو پہلی بار خاموشی توڑی اور میڈیا کے ذریعہ شاہین باغ میں دھرنے پر بیٹھے لوگوں سے سڑک خالی کرنے کی اپیل کی تھی۔انہوں نے کہا،’ہم شاہین باغ میں مظاہرین سے مسلسل اپیل کررہے ہیں کہ وہ عام لوگوں کی پریشانیوں کو توجہ میں رکھتے ہوئے اہم سڑک سے احتجاجی مظاہرے کو منتقل کریں،چونکہ یہ لمبے وقت سے قائم ہے،اس لئے ہم نے وہاں بیریکیڈ اور سکیورٹی کا مناسب انتظام کیاتھا۔شاہین باغ  کے واقعہ کے بعد وہاں کی سکیورٹی اور سخت  کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS