قائد حزب اختلاف کی ’زمین بچاؤ، کسان سمیتی‘ کی تحریک کی حمایت :بھوپیندر سنگھ ہڈا

0

چنڈی گڑھ (نعیم خان؍ایس این بی)
ہریانہ کے مانیسر میں حصول اراضی کے مسئلہ پر غیرمعینہ مدت تک دھرنا دینے والی سنگھرش سمیتی کے وفد نے منگل کو یہاں سابق وزیر اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف بھوپیندر سنگھ ہڈا سے ملاقات کی۔ ہڈا کو دیے گئے میمورنڈم میں کمیٹی نے بتایا کہ حکومت مانیسر کے کاسن، کھوہ، ککڈولہ، سہراون گاؤں میں 1810 ایکڑ زمین بہت کم قیمت پر حاصل کر رہی ہے۔ یہ کسانوں کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔
بھوپیندر سنگھ ہڈا نے کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے جو زمین حصول پالیسی بنائی ہے، اس میں کسانوں کے مفادات کو سرفہرست رکھا گیا ہے۔ حصول اراضی قانون کے تحت زمین کے حصول کے لیے 70 فیصد کسانوں کی رضامندی ضروری ہے لیکن بی جے پی-جے جے پی حکومت کسانوں کی زمین ایک پیسے کی قیمت پر خریدنا چاہتی ہے۔ ہڈا نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مطالبات کو قبول کرے اور نئے حصول اراضی قانون کے مطابق انہیں معاوضہ دے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اپنے جائز مطالبات کے لیے طویل عرصے سے پرامن دھرنا دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود بی جے پی اور جے جے پی حکومت ان سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔ اس سے ایک بار پھر ریاست کی بی جے پی حکومت کا کسان مخالف چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS