جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 6 فلسطینی شہید

0

غزہ(ایجنسیا)، مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع شہر جنین اور جنین پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں ایک ڈاکٹر سمیت 6 فلسطینی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور 10 شہری زخمی ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنین شہر میں اسرائیلی گولیوں سے 6 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے اور 10 زخمی ہوئے، جن میں سے 3 شدید زخمی  زیر علاج  ہیں۔ جینن سرکاری ہسپتال کے ڈائریکٹر وسام بیکر کا کہنا ہے کہ جنین اسپتال کے شعبہ  سرجری کے سربراہ بھی ہلاک شدگان میں شامل ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رات کے وقت جنین شہر اور کیمپ پر چھاپہ مارا۔ عینی شاہدین  کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ڈرونز  آسمان پر پرواز کر رہے تھےاور جہاں اسرائیلی فوجیوں نے رات کے وقت چھاپہ مارا وہاں فوجیوں اور فلسطینی مسلح گروپوں کے درمیان تصادم بھی ہوا۔ اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران ایک سابق قیدی سمیت کم از کم 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS