نئی دہلی: دنیا میں جان لیوا کورونا وائرس ( کووڈ-19) رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک دنیا بھر میں 4.71 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 90.74 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمارکے مطابق کورونا وائرس نے دنیا بھر میں 9،074،624 افراد کو متاثر کیا ہے اور 471،640 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کووڈ ۔19 کے کیسز کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب اس وبا کی وجہ سے ہلاک شدگان کے اعداد و شمار کے لحاظ سے امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔
ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 14،933 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب تک متاثرین کی مجموعی تعداد 4،40،215 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ میں مزید 312 افراد کی ہلاکت کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد بڑھ کر 14،011 ہوگئی ہے۔ ہندوستان میں اس وقت کورونا وائرس کے 1،78،014 فعال کیسزہیں۔ اس وبا سے اب تک 2،48،190 افراد شفایاب ہوچکے ہیں۔ متاثرین کے معاملہ میں ہندوستان دنیا کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔
دنیا میں سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں اب تک 23،10،786 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1،20،393 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 11،06،470 افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 51،271 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
روس میں بھی کووڈ 19 کا وائرس پھیلتا جارہا ہے، اس ملک میں اب تک 5،91،465 افراد متاثر ہوئے ہیں اور روس میں اس وبا سے اب تک 8،196 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس وبا کی وجہ سے برطانیہ میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے۔ یہاں اب تک 306،761 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 42،731 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
لاطینی امریکہ کے دو ممالک پیرو اور چلی کورونا وائرس سے متاثرین کے معاملے میں دنیا میں بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ پیرو میں متاثرہ افراد کی تعداد 257،447 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8،223 ہے۔ چلی میں اب تک 46،963 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 4،502 ہے۔
اسپین میں اب تک 246،504 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ، جبکہ 28،324 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یوروپی ملک اٹلی میں اس وبا نے بہت تباہی مچائی ہے۔ اب تک 238،720 افراد کووڈ ۔19 سے متاثر ہوئے ہیں اور 34،657 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
خلیجی ملک ایران میں جو کورونا وائرس سے شدید متاثر ہے متاثرین کی تعداد دو لاکھ 75 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہاں 207،525 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس وبا کی زد میں آنے سے 9،742 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
یوروپی ملک فرانس اور جرمنی میں اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے صورتحال بہت خراب ہے۔ فرانس میں اب تک 197،381 افراد متاثر اور 29،666 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ جرمنی میں 191،768 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور8،899 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
ترکی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 188،897 ہوگئی ہے اور4،974 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ہمسایہ ملک پاکستان میں اب تک 181،088 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 3،590 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مرکز چین میں اب تک 84،624 افراد وبا کا شکارہوچکے ہیں اور 4،639 افراد فوت ہوچکے ہیں۔
میکسیکو میں 22،584 ، بیلجیم میں 9،696 ، کینیڈا میں 8،494 ، نیدرلینڈ میں 6،109 ، سویڈن میں 5،122 ، ایکواڈور میں 4،223 ، سوئٹزرلینڈ میں 1،956 ، آئرلینڈ میں 1،717 اور پرتگال میں 1،534 اموات ہوچکی ہیں۔