نئی دہلی، (یو این آئی) حکومت نے پڑوسی ممالک – چین، نیپال، بنگلہ دیش، میانمار اور بھوٹان کے ساتھ ریلوے رابطے کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور نئے مالی سال کے بجٹ میں بھی اس کا انتظام کیا ہے، جس میں سکم میں چین کے ساتھ سرحد کو لیکن نتھو لا درے تک ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق اس بار کے بجٹ میں ریلوے کی دفعات میں نیپال کے ساتھ سات ریلوے لنکس، بھوٹان کے ساتھ دولنک، میانمار کے ساتھ کم از کم ایک اہم لنک اور بنگلہ دیش کی چٹگام بندرگاہ سے تریپورہ کے بلونیا تک ریل لنک کے علاوہ سکم میں رنگپو سے گنگٹوک تک 69 کلومیٹر طویل ریل لنک اور گنگٹوک سے نتھو لا تک 260 کلومیٹر طویل ریل لنک کے رابطے کے لیے ابتدائی سروے کے لیے مختص رقم الاٹ کیا گیا ہے۔ یہ ریل لنک ہندوستان کی اسٹریٹجک ضروریات کو پورا کرے گا۔ ساتھ ہی امن کے وقت میں تبت کے ساتھ سرحدی تجارت میں توسیع کے مواقع بھی کھلیں گے۔
بجٹ کے فوراً بعد خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے کھٹمنڈو کا سفر کیا اور نیپال کی قیادت کے ساتھ ہند-نیپال ترقیاتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے بارے میں بات کی، جس میں رکسول سے کھٹمنڈو سمیت مختلف ریلوے تعاون کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے بارے میں بات چیت ہوئی۔
ہندوستانی خارجہ سکریٹری اور ان کے نیپالی ہم منصب بھرت راج پوڈیال کے ساتھ ملاقات میں سرحد پار سے ریل اور سڑک کے رابطوں پر غور کیا گیا۔ اس سمت میں کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اس پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ اسے تیزی سے کیسے انجام دیا جائے۔ اس ملاقات میں اس بات پر زیادہ زور دیا گیا کہ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو تک ٹریک بچھانے میں آنے والی عملی مشکلات کو کیسے دور کیا جائے۔ ریل کنیکٹیویٹی کے تعلق سے دونوں فریقوں نے جے نگر-کرتھا-بیجل پورہ-بردیباس اور جوگبانی-برات نگر ریل رابطے کے باقی حصوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔ مجوزہ رکسول-کھٹمنڈو ریل لنک پر ضروری طریقہ کار کو تیزی سے مکمل کرنے کا عہد کیا ہے تاکہ اسے جلد نافذ کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ چین کھٹمنڈو تک ریلوے ٹریک بچھانے کے لیے بھی بے چین ہے۔ چین کی توسیع پسندانہ پالیسی اور اسٹریٹجک اپروچ کی وجہ سے چینی ریل کو کھٹمنڈو تک لے جانے کی مشق ہندوستان کے لیے بڑے خطرے سے بھری ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار بجٹ میں نیپال سے متعلق ریل منصوبوں کے لیے خصوصی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔حالانکہ تبت سے ہمالیہ کے پہاڑوں کو چیر کر ریلوے لائن بچھانا بہت مہنگا سودا ہے اور چین نے ایک بار اس کے لیے نیپال کو قرضہ دے کر ریلوے لائن تعمیر کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن نیپال نے چین کی قرض کی تجویز کو یہ کہہ کر ٹھکرا دیا کہ وہ اسے غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) یا گرانٹ کی شکل میں یا ایکسگریشیا کے طورپر دے جس سے بات نہیں ہو پائی تھی۔
نیپال میں کھٹمنڈو تک دو الگ الگ ریلوے لائن بچھانے کے لیے سروے کے لیے فنڈز الاٹ کیے گئے ہیں۔ایک لائن اتر پردیش میں برہنی اور کھٹمنڈو کے درمیان 359 کلومیٹر لمبی نئی لائن کے لیے انجینئرنگ اور ٹریفک سروے کے ساتھ ساتھ رکسول سے کھٹمنڈو تک 136 کلومیٹر نئی الیکٹریفائیڈ ریل لائن کا حتمی لوکیشن سروے (وزارت خارجہ کی طرف سے فنڈنگ)ہونا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھٹمنڈو براستہ رکسول کے لیے جو ریل لائن بنائی جائے گی اس میں ٹرین کو ترامنی کے راستے کھٹمنڈو لے جانے کا منصوبہ ہے۔ رکسول سے کھٹمنڈو تک کل چھ اسٹیشن ہوں گے جن میں جیت پور، نج گڑھ، شکارپور، سنسیری، ستھی کھیل اور چھوبر شامل ہیں۔ اگر ریلوے ذرائع کی مانیں تو رکسول سے ٹرین کے ذریعے کھٹمنڈو پہنچنے میں دو گھنٹے سے بھی کم وقت لگے گا۔
اس کے ساتھ ہی اتر پردیش میں نیپال گنج روڈ اور نیپال میں نیپال گنج کے درمیان نئی لائن (12 کلومیٹر) کے لیے حتمی سروے پلان کو منظوری دے دی گئی ہے، جس پر 15 کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ نوتنوا سے بھیرہوا 15 کلومیٹر لمبی لائن ہے اور سیتامڑھی تا جنک پور بتھناہا سے 45 کلومیٹر لمبی لائن ہے۔ جس کے لیے بجٹ میں فنڈز الاٹ کیے گئے ہیں۔ مغربی بنگال میں نیو جلپائی گوڑی اور نیپال تک کاکربیٹا واٹر ٹینک کے درمیان 46 کلومیٹر نئی براڈ گیج لائن کے لیے حتمی سروے کے کام کو منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ 60.45 کلو میٹر طویل کشی نگر تا کپل وستو نئی لائن اور کپل وستو سے بستی (براستہ بنسی) تک 91 کلو میٹر طویل پروجیکٹ کا سروے شامل ہے۔
میانمار کے ساتھ سائرنگ بھیربی سے حبیچوا تک توسیع اور اسے میانمار میں کولوڈینا ندی بندرگاہ سے جوڑنے والی266 کلومیٹر کی نئی لائن کا سروے اور جنوبی تریپورہ کے بلونیا سے بنگلہ دیش کی چٹگام بندرگاہ تک نئی لائن بچھانے کا سروے کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ منی پور سے میانمار میں کالادن ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ پروجیکٹ تک ریل لنک قائم کیا جائے گا۔