یمن میں ہندوستانی نرس نمیشا پریا کی پھانسی ملتوی

0

نئی دہلی، (یو این آئی): یمن میں حوثیوں کے کنٹرول والے دار الحکومت صنعا ء میں قتل کے الزام میں سزائے موت یافتہ ہندوستانی نرس نمیشا پریا کو کل ہونے والی پھانسی ملتوی ہوگئی ہے – یہ کامیابی ہندوستانی سفارتی حکام کی کوششوں کی بدولت ملی ہے جو وہاں کے حکام سے مسلسل رابطے میں تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ “ہندوستانی نرس نمیشا پریا کے معاملے میں یمن کے مقامی حکام نے 16 جولائی 2025 کو طے شدہ پھانسی ملتوی کر دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت ہند نے اس کیس کے آغاز سے ہی ہر ممکن مدد فراہم کی ہے اور اس سلسلے میں حکومت نے نمیشا پریا کے خاندان کی درخواست پر دوسرے فریق کے ساتھ باہمی رضامندی سے معاملہ حل کرنے کے لیے مزید وقت مانگنے کے لیے ٹھوس کوششیں کی ہیں۔
اس معاملے کی حساسیت کے باوجود، ہندوستانی حکام مقامی جیل حکام اور پراسکیوٹر کے دفتر کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں رہے، جس کی وجہ سے اس کی پھانسی کو ملتوی کیا گیا۔
کیرالہ کے ضلع پلکاڈ سے تعلق رکھنے والی 37 سالہ نرس کو ایک یمنی شہری کے قتل کے الزام میں سزا ئے موت سنائی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق، اسے بچانے کی کوششوں کے ضمن میں، اس کے قانونی مشیر نے تقریباً 8.5 کروڑ روپے بطور دیت ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
واضح رہے کہ نمیشا پریا اپنا نرسنگ ٹریننگ پروگرام مکمل کرنے کے بعد 2011 میں یمن گئی تھی۔ اسے 2017 میں اپنے بزنس پارٹنر طلال عبدہ مہدی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
تین سال بعد یمن کی ایک عدالت نے 2020 میں اسے اس کیس میں موت کی سزا سنائی تھی، اور گزشتہ دنوں وہاں صدر نے بھی اس کی رحم کی درخواست مسترد کردی ہے، جس کے بعد اسے پھانسی دینے کی تاریخ 16 جولائی کو طے تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS