نئی دہلی (ایجنسیاں): ہندوستانی بحریہ نے جمعہ (29 مارچ) کو صومالیہ کے قریب قزاقوں کے خلاف آپریشن کر کے 23 پاکستانیوں کی جان بچائی۔ بحریہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ جمعہ کی شام کو ان کی ٹیم کو بحر ہند میں خلیج عدن کے پاس ایک ایرانی جہاز ’القمبر‘کے ہائی جیک ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ اس پر صومالیہ کے 9 سمندری لیٹروں نے قبضہ کر لیا تھا۔
یہ جہاز یمن کے جزیرہ سوکوترا سے تقریباً 166 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔ ہائی جیک کا الرٹ ملتے ہی ہندوستانی بحریہ نے ایرانی جہاز کو روکنے کے لیے اپنے جنگی جہاز آئی این ایس سمیدھا کو روانہ کیا۔ اس کے بعد بحریہ نے ایک اور جنگی جہاز آئی این ایس ترشول کی مدد سے جہاز کو ڈاکوؤں سے بچایا۔ بحریہ کی ٹیم نے 12 گھنٹے تک آپریشن کیا اور ڈاکوؤں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔
مزید پڑھیں: لاکھوں نم آنکھوں کے درمیان مختار انصاری سپرد خاک
فی الحال ٹیم جہاز کی جانچ کر رہی ہے۔ اس کے بعد اسے محفوظ مقام پر لے جایا جائے گا۔گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد سے بحیرہ عرب میں صومالیائی قزاقوں کی جانب سے بحری جہازوں کو اغوا کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس پر قابو پانے کیلئے ہندوستانی بحریہ نے بحیرہ عرب میں جنگی جہازوں کی تعیناتی بڑھا دی ہے۔