فوج نے آج جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر تین جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے نے ایک فوجی افسر کے حوالے سے کہا ہے کہ راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی پر 28 مئی سے دراندازی مخالف آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس دوران وہاں تعینات فوجی اہلکاروں نے آج صبح جنگجوؤں کی طرف سے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بناکر تین بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے اور میڈیا کے ساتھ تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ راجوری اور پونچھ میں ایل او سی پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان روزانہ ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بناکر گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ جاری ہے۔
کورونا کے بیچ طرفین کے درمیان آئے دن کی نوک جھونک سے آر پار کے سرحدی لوگوں کا جینا مزید مشکل بن کے رہ گیا ہے۔ تاہم ہندوستانی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا مقصد جنگجوئوں کو سرحد کے اس پار بھیجنا ہوتا ہے۔