نئی دہلی،(یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان ایک امن پسند ملک ہے اور وہ کسی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں کرتا لیکن وہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
جمعرات کو چنڈی گڑھ میں ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) کی لیبارٹری ٹی بی آر ایل کا دورہ کرنے کے بعد سائنس دانوں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہاکہ”ہندوستان ہمیشہ سے ایک امن پسند ملک رہا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی طرف سے کسی بھی قسم کا تنازعہ نہ شروع کریں۔ لیکن ساتھ ہی یہ بھی اتنا ہی سچ ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہمارا ملک کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ”
سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “عبدالکلام جی کہا کرتے تھے، ‘اس دنیا میں خوف کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ صرف ایک طاقت دوسری طاقت کا احترام کرتی ہے۔’ کلام صاحب ڈی آر ڈی او کے بڑے سائنس دان تھے اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا ملک پوری طرح سے ان کے نظریات پر چل رہا ہے۔ ”
انہوں نے کہا کہ بدلتے وقت، چیلنجز اور ممالک کے باہمی تعلقات میں تبدیلیوں کے پیش نظر سیکورٹی کے جہت بھی تبدیل ہوئے ہیں اور ایسی صورتحال میں ہمیں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
ڈی آر ڈی او کی طرف سے بنائے گئے ہتھیاروں، آلات اور سسٹموں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ “ڈی آر ڈی او نے میزائل، رڈار، سونار، لڑاکا طیارے، ٹینک، توپ اور تارپیڈو اور ایسے سسٹم تیار کیے ہیں جو بین الاقوامی معیار کے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے ایسے وار ہیڈز اور گولہ بارود تیار کیے گئے ہیں، جو اپنے آپ میں بالکل مختلف قسم کے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ہماری بڑھتی ہوئی صلاحیت، معیار اور ٹیکنالوجی کی علامت ہے جس کی وجہ سے ہماری مسلح افواج کی فائر پاور بڑھ رہی ہے، ملک دفاعی شعبے میں بھی خود انحصاری کی طرف بڑھ رہا ہے۔ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں اس سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی حکمت عملی اپنانی ہوگی۔ انہوں نے سائنسدانوں سے کہا کہ وہ صلاحیت بڑھانے کے لیے تیاریوں میں اضافہ کریں، اس کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS