جے این یو وائس چانسلر یونیورسٹی کو چلانے کے قابل نہیں:کنہیا کمار

0

نئی دہلی: جے این یو اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر کنہیا کمار نے جے این یو، جامعہ میں تشدد، طلباء کی تحریک اور دہلی پولیس کی کارروائی سمیت مختلف امور پر ایک چینل سے بات چیت کی۔ کنہیا نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت طلبا کے سوالات سننے کے لئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے جے این یو کے وائس چانسلر ایم جگدیش کمار کو جے این یو کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے لئے ذمہ دار قرار دیا ، اورکہا کہ موجودہ وائس چانسلر جے این یو کو چلانے کے قابل نہیں ہیں۔ کنہیا کمار نے کہا کہ جے این یو کے طلباء فیس میں اضافے پر طویل عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں، لیکن وائس چانسلر نے اس معاملے پر کبھی بھی طلباء سے بات چیت نہیں کی۔ تمام کمیٹیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے فیس میں اضافہ کیا اور جب طلباء نے آواز اٹھائی تو ڈیڈ لاک کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ کنہیا کے مطابق وی سی نے طلباء سے واٹس ایپ پر امتحانات لینے کو کہا۔ ابھی تک ہم واٹس ایپ یونیورسٹی کے بارے میں بات کرتے تھے، وی سی صاحب جے این یو کو وہی واٹس ایپ یونیورسٹی بنانا چاہتے ہیں۔ کنہیا کمار نے کہا کیمپس تعلیم کی جگہ ہے ، یہاں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ تشدد چاہے بائیں یا دائیں طرف سے ہو ۔ ہم بائیں اور دائیں کا نام دے کر اصل مسئلے سے بھٹک رہے ہیں۔ کنہیا نے دہلی پولیس پر جانبدارانہ کارروائی کرنے کا بھی الزام لگایا۔ جس طریقے سے جمعہ کے روز دہلی پولیس نے پریس کانفرنس کی اس سے ایسا لگتا ہے جیسے اے بی وی پی کی پریس کانفرنس چل رہی ہے۔ کنہیا نے دہلی پولیس اور جے این یو کے وائس چانسلر سے اپیل کی کہ وہ تشدد کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کریں اور مجرموں کو سخت سزا دیں۔
 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS