نئی دہلی: کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ہفتے کے روز کہا کہ ہندوستانی میڈیا اور تفریحی صنعت میں عالمی سطح پر کام کرنے کی صلاحیت ہے اور ہندوستانی فلموں پر پابندی عائد کرنے پر ہندوستان بھی جوابی کارروائی کرے گا۔
گوئل نے یہاں فیڈریشن آف انڈین انڈسٹری اینڈ کامرس کے ’فکی فریمس 2020‘ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فلمی صنعت انتہائی ترقی یافتہ ہے اور اس میں عالمی سطح پر پرفارم کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک ہندوستانی فلم اور میڈیا پر پابندی لگانے کے لئے کارروائی کرتا ہے تو اسے حکومت کی توجہ میں لایا جانا چاہیے۔ مرکزی حکومت بھی اس پر جوابی کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک ہندوستانی فلم میڈیا اور اشتہاری صنعت کے لئے رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں، یہ قابل قبول نہیں ہوگا۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ ہندوستانی فلمی صنعت میں کافی صلاحیت ہے اور اس کے ذریعے ملک میں بڑا سرمایہ لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فلم اور اشتہاری صنعت کو چاہیے کہ وہ ملک کی حدود سے باہر سوچیں اوراپنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پرپیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ فلم اور اشتہاری صنعت سے وابستہ لوگوں میں کافی صلاحیت ہے اور وہ اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ ہندوستانی فلم اور اشتہاری صنعت کی دنیا میں قیادت کرسکتے ہیں۔