مغربی اترپردیش میں بی جے پی خلفشار کا شکار : قربان علی

0

قربان علی
مغربی اتر پردیش کی 16 لوک سبھا سیٹوں پر مقابلہ بہت دلچسپ ہونے والا ہے جس کے لیے پہلے اور دوسرے مرحلے میں انتخابات ہونے ہیں۔ پہلے مرحلے میں پیلی بھیت، سہارنپور، کیرانہ، مظفر نگر، بجنور، نگینہ، مراد آباد اور رام پور میں 19 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں ایک ہفتہ بعد 26 اپریل کو امروہہ، میرٹھ، باغپت، غازی آباد، گوتم بدھ نگر، بلند شہر، علی گڑھ اور متھرا میں ووٹنگ ہوگی۔
اس بار کے انتخابات میں کسی پارٹی یا اتحاد کی لہر نظر نہیں آرہی اور انتخابی مہم کہیں نظر نہیں آرہی۔ عام لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اتنی دھیمی انتخابی مہم کبھی نہیں دیکھی۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی، مرکز اور صوبے دونوں میں وہ جوش و خروش نہیں نظرآتا جو 2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات اور 2017 یا 2022 کے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں دیکھا گیا تھا۔
اس کے برعکس بی جے پی میں داخلی کھینچ تان اور آپس کی جو تم پیزار تقریباً ہر لوک سبھا حلقہ میں صاف نظر آرہی ہے۔ مغربی اتر پردیش کے کئی اضلاع کا دورہ کرنے کے بعد، میں نے واضح طور پر بی جے پی میں کھینچ تان دیکھی۔ حال ہی میں میرٹھ، مظفر نگر، غازی آباد اور بلند شہر کا دورہ کرنے کے بعد، میں نے ہر پارلیمانی سیٹ پر بی جے پی کے دو دھڑے واضح طور پر دیکھے۔ ایک گروپ مودی-امیت شاہ کا ہے جو پارٹی کے آفیشیل امیدواروں کو جتوانے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ وزیر اعلی یوگی کا ہے جس میں مقامی لیڈر شامل ہیں اور جو پارٹی کے امیدواروں کو ہرانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
گوتم بدھ نگر پارلیمانی سیٹ کے خورجہ اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے مجھے بتایا کہ ’’بی جے پی میں ٹھاکر بمقابلہ برہمن لڑائی زوروں پر ہے اور بی ایس پی امیدوار راجندر سنگھ سولنکی کو اس کا پورا فائدہ مل رہا ہے۔‘‘ اس کی وجہ سے بی جے پی امیدوار مہیش شرما کی مشکلات بہت بڑھ گئی ہیں۔ ایس پی امیدوار یہاں بہت کمزور ہے۔
اسی طرح غازی آباد میں بھی جنرل وی کے سنگھ کا ٹکٹ ردہونے سے ٹھاکر بمقابلہ برہمن کافی گرم ہوتا جا رہا ہے۔ یہاں بی جے پی نے اتل گرگ کو اپنا امیدوار بنایا ہے جو ویشہ سماج سے ہیں جبکہ بی ایس پی نے ٹھاکر نند کشور پنڈیر کو اپنا امیدوار بنایا ہے جو اتل گرگ کو اچھا چیلنج دے رہے ہیں۔ وہیں ایس پی-کانگریس اتحاد کی امیدوار ڈولی شرما کی پوزیشن کافی کمزور ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ضلع غازی آباد میں ہندو راجپوتوں کے علاوہ مسلم راجپوتوں کی بھی بڑی آبادی ہے اور وہ بھی ذات پات کے اس اثر سے باہر نہیں نکل پائے ہیں۔ مسلم راجپوت ووٹروں کا خیال ہے کہ اس بار وہ مودی-امیت شاہ کو سبق سکھانے کے لیے بی جے پی کے خلاف ووٹ دیں گے۔
کیرانہ کی بہٹ سیٹ شاملی اور سہارنپور اضلاع کے اسمبلی حلقوں کو ملا کر بنائی گئی ہے۔ پردیپ چودھری یہاں سے بی جے پی کے ایم پی رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ سماج وادی پارٹی کی نوجوان خاتون اقرا حسن سے ہے جو اعلیٰ تعلیم یافتہ لندن سے پڑھ کر آئی ہیں پردیپ چودھری کا تعلق گرجر ذات سے ہے اور وہ سہارنپور کا رہنے والا ہے۔
اس پارلیمانی سیٹ کے نانوتہ قصبے میں 7 اپریل کو چھتریوں کی مہاپنچایت ہوئی تھی جس میں بی جے پی کے امیدوار کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہیں سے بی جے پی کے خلاف ٹھاکروں کی مخالفت شروع ہوئی۔ یہاں جاٹ ووٹروں کا ایک بڑا طبقہ بھی پردیپ چودھری سے ناراض ہے، جس کی وجہ سے اقرا حسن کے الیکشن جیتنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ اقرا حسن کے والد منور حسن اور والدہ تبسم حسن اس سیٹ سے لوک سبھا کی رکن رہ چکی ہیں اور بھائی ناہید حسن اس وقت کیرانہ سے سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے ہیں۔ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی شاملی ضلع کی تینوں اسمبلی سیٹوں سے ہار گئی تھی۔
مرکزی حکومت میں وزیر مملکت ڈاکٹر سنجیو بالیان مظفر نگر لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ وہ 2014 اور 2019 میں انتخابات جیت چکے ہیں لیکن کافی متنازعہ ہیں۔ ان کا مقابلہ سماج وادی پارٹی کے ہریندر ملک سے ہے، جو کئی بار ایم ایل اے اور راجیہ سبھا کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ اگرچہ سنجیو بالیان دس سال سے ایم پی ہیں، لیکن انہیں دو مقامی مضبوط ٹھاکر لیڈروں سنگیت سوم اور سریش رانا کی مخالفت کا سامنا ہے۔ حالانکہ یہ دونوں گزشتہ اسمبلی انتخابات ہار گئے تھے۔ ٹھاکروں نے کیرانہ اور مظفر نگر سیٹوں پر ریلیاں نکالی ہیں اور بی جے پی کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے اور بی ایس پی نے دارا سنگھ پرجاپتی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ عام طور پر پرجاپتی ذات کے ووٹر بی جے پی کی حمایت کرتے ہیں، لیکن اس بار شاید ان کے ووٹ بی جے پی کو نہیں بلکہ بی ایس پی کو جائیں گے۔ اس کی وجہ سے ڈاکٹر سنجیو بالیان کی مشکلات میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔
بلند شہر کی لوک سبھا سیٹ درج فہرست ذاتوں کے لیے ایک ریزرو سیٹ ہے اور اگرچہ یہاں پر تینوں امیدوار دلت ہیں، لیکن یہاں بھی بی جے پی کے امیدوار ڈاکٹر بھولا سنگھ کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کانگریس پارٹی سے شیو رام کو امیدوار بنایا گیا ہے جبکہ بی ایس پی نے گریش چندر جاٹوو کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ یہاں بی ایس پی امیدوار کو برہمن بمقابلہ ٹھاکر لڑائی کا فائدہ ہوتا نظر آرہا ہے کیونکہ یہاں انڈیا اتحاد کا امیدوار کمزور ہے۔
اتر پردیش میں بی جے پی کے کارکنوں سے بات کرتے ہوئے یہ واضح ہوتا ہے کہ مودی-امیت شاہ بمقابلہ یوگی کے درمیان اختلافات مسلسل بڑھ رہی ہے اور اس نے برہمن بمقابلہ ٹھاکر کی شکل بھی اختیار کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حامیوں کا ماننا ہے کہ اگر وزیر اعظم مودی اس بار پچھلی بار سے زیادہ اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آتے ہیں تو وزیر اعلیٰ یوگی کی برطرفی یقینی ہے۔ وہیں مودی-امیت شاہ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ یوگی عہدہ نہیں چھوڑتے ہیں تو وہ دوبارہ وزیر اعظم مودی کو براہ راست چیلنج کرنا شروع کر دیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ مغربی اتر پردیش میں اپوزیشن کے امیدوار بہت کمزور ہیں اور کوئی بھی اپنے دم پر جیتنے کا دعویٰ نہیں کر سکتا لیکن بی جے پی کی آپس کی لڑائی کا انہیں بڑا فائدہ مل رہا ہے۔ ایسے میں مغربی اتر پردیش کی کئی سیٹوں کے نتائج چونکا دینے والے ثابت ہو سکتے ہیں۔

(مصنف سینئر صحافی ہیں اور گزشتہ چار دہائیوں سے تقریباً تمام عام انتخابات کو کور کر تے رہے ہیں)

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS