کشمیر میں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے پر پابندی جبکہ بعض ریاستوں میں شراب کی دکان کھلی ہیں: عمر عبداللہ

0

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران وادی میں اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھلنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جبکہ ملک کی بعض ریاستوں میں شراب کی دکانوں کو لازمی خدمات میں شامل کیا جارہا ہے۔ بتا دیں کہ ملک کی بعض ریاستوں نے عوامی مطالبے کے پیش نظر شراب کی دکانوں کو لاک ڈاؤن کے دوران بھی کھلے رہنے کی اجازت دی ہے۔
عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا: 'ملک گیر لاک ڈاؤن جہنم میں جائے، شراب نوشی جاری رہنی چاہئے۔ کشمیر میں گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دکانوں کو کھلنے کی اجازت نہیں ہے جبکہ بعض ریاستوں میں شراب کی فیکٹریوں تک کو زندہ رہنے کے لئے ضروری قرار دیا جارہا ہے’۔ سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ہندوستان ٹائمز اور ایک خبر رساں ایجنسی کے دو ٹوئٹس پوسٹ کئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ میگھالیہ اور آسام حکومتوں نے شراب کی دکانوں کو پیر سے کھلے رہنے کی اجازت دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی میں گذشتہ قریب چار ہفتوں سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث یہاں بازاروں میں میڈیکل دکانوں کے بغیر کسی بھی دکان کو کھلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ سڑکوں پر تعینات سیکورٹی فورسز کے اہلکار لوگوں کو باہر قدم رکھتے ہی زدو کوب کرنے کے کسی بھی موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ہیں

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS