معروف ادبی اور تعلیمی خدمت گار حسن عبدالکریم چوگلے بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سرپرستِ اعلا منتخب قطر یونی ورسٹی کے پروفیسر جاوید زیدہ تعلیمی امور کے بین الاقوامی صدر نامزد، محمد شکیب احسن مشیرِ خصوصی بنائے گئے۔
پٹنہ(پریس ریلیز): گذشتہ دسمبر میں بزمِ صدف کے سرپرستِ اعلا محمد صبیح بخاری کے سانحہئ ارتحال سے تنظیمی سطح پر جو خلا پیدا ہوا تھا، اسے پُر کرنے کے لیے مختلف ادوار میں مرکزی کمیٹی کے عہدیداران کی نشستیں ہوتی رہیں جس میں اتفاق رائے سے گذشتہ کمیٹی کے سرپرست حسن عبدالکریم چوگلے کا نام بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سرپرستِ اعلا بنائے جانے کی منظوری دی گئی۔ بزمِ صدف کی تاسیس سے ہی جناب حسن چوگلے مرکزی ٹیم کا حصہ رہے ہیں اور انھیں بزمِ صدف کے ہر بڑے انعقاد میں اعزاز و اکرام کے ساتھ شامل رکھا گیا۔ قطر ہی نہیں ہندستان کے پروگراموں میں بھی جناب چوگلے بہ خوشی شرکت فرماتے رہے۔
مہاراشٹر کے کوکن سے تعلق رکھنے والے جناب چوگلے گذشتہ چار دہائیوں سے قطر میں مقیم ہیں اور وہاں کی ایک کامیاب تجارت پیشہ شخصیت کے طور پر امتیاز کے حامل ہیں۔ اس کے علاوہ ادبی اور تعلیمی امور بالخصوص اردو زبان و ادب کی ترویج و اشاعت کے کاموں میں وہ ہندستان سے لے کر قطر تک سرگرمِ عمل ہیں۔ قطر میں ادبی تقریبات اور مشاعروں کے انعقادات میں گذشتہ دہائیوں میں محمد صبیح بخاری کے ساتھ جناب حسن چوگلے کی مرکزی حیثیت رہی۔ دنیا کے مختلف گوشوں سے انھیں انعامات و اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ بزمِ صدف کی آیندہ سرگرمیوں میں ان کی سرگرم شمولیت سے مزید رفتار اور تیزی کی توقع کی جاتی ہے۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے اپنے ایک اخباری بیان میں اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حسن عبدالکریم چوگلے کی جانب سے سرپرستِ اعلا کی پیش کش کی منظوری ملنے کے بعد بزمِ صدف کے چیئرمین شہاب الدین احمد نے جناب چوگلے کے شایانِ شان استقبال کے لیے مورخہ ۸/اکتوبر بروز جمعہ بزمِ صدف کی دوحہ شاخ کو باضابطہ طور پر ایک محفل منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پروفیسر سید جاوید زیدی، قطر یونی ورسٹی کو تعلیمی امور کے شعبے کا بین الاقوامی صدر نامزد کیا گیا ہے اور اسی طرح جناب محمد شکیب احسن کو مشیرِ خصوصی کی حیثیت سے بزمِ صدف میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موقعے سے ان دونوں اصحاب کا بھی باضابطہ طور پر خیر مقدم کیا جائے گا۔
بزمِ صدف انٹرنیشنل کے سرپرست اعلا بنائے جانے کے سبب ادارے کے مختلف ممالک کے عہدیداران کی طرف سے مبارک بادیاں پیش کرنے کا سلسلہ قائم ہے۔ بزمِ صدف کے چیئرمین شہاب الدین احمد نے توقع ظاہر کی کہ ان کی سرپرستی میں بزمِ صدف کی عالمی سطح پر سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ بنگلہ دیش بزمِ صدف کے صدر پروفیسر محمود الاسلام اور جنرل سکریٹری عنایت اللہ صدیقی، کویت شاخ کے صدر مسعود حساس، جرمنی شاخ سے انور ظہیر رہبر اور محترمہ عشرت معین سیما، آسٹریلیا شاخ کی کنوینر محترمہ تحمینہ راؤ، خواتین بزمِ صدف کی صدر شاہدہ حسن اور جنرل سکٹریٹری ڈاکٹر افشاں بانو، سعودی عرب کی شاخ سے جناب مہتاب قدر کے علاوہ بزمِ صدف کے ایوارڈ یافتگان میں سے جاوید دانش، باصر سلطان کاظمی، واحد نظیر، راشد انور راشد اور دوحہ قطر شاخ کے صدر ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی اور بزمِ صدف کے پروگرام ڈائرکٹر احمد اشفاق نے حسن عبدالکریم چوگلے کو بزمِ صدف کے سرپرستِ اعلا کی حیثیت سے نامزدگی کو ایک بہترین فیصلہ قرار دیا اور چوگلے کو اس پیش کش کے لیے مبارک باد دی۔ سب نے ان کی اس عہدے پر نامزدگی کو بزمِ صدف کی ادبی و علمی سرگرمیوں میں مزید اضافے کا باعث قرار دیا۔