ٹرک آپریٹرز کے ہڑتال کا اثر، ایک گاڑی میں 10 لیٹر سے زیادہ پٹرول نہیں بھرا جائے گا: کھمٹا

0

ناہن (یو این آئی): ہماچل کے سرمور ضلع مجسٹریٹ سمت کھمٹا نے ٹرک آپریٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے گزشتہ دو دنوں سے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں رکاوٹ کے سبب مطلوبہ مقدار میں پٹرولیم مصنوعات کی عدم دستیابی کے پیش نظر ضلع سرمور میں تمام پٹرول پمپس میں پٹرولیم مصنوعات محدود مقدار میں فروخت کرنے اور پٹرولیم مصنوعات کی مطلوبہ مقدار کو ریزرو رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

کھمٹا کی طرف سے جاری کردہ احکامات کے مطابق 25 ہزار سے زیادہ اسٹوریج ٹینک کی گنجائش والے پٹرول پمپوں میں کم از کم تین ہزار لیٹر ڈیزل اور دو ہزار لیٹر پٹرول کو ریزرو میں رکھنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ اسی طرح 25 ہزار سے کم گنجائش والے ٹینکوں میں کم از کم دو ہزار لیٹر ڈیزل اور ایک ہزار لیٹر پٹرول بطور ریزرو رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے مطابق کسی بھی ڈیلر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک وقت میں کسی بھی گاڑی میں دس لیٹر سے زیادہ پٹرول نہ بھرے۔ اسی طرح کوئی بھی شخص صرف اپنی گاڑی کے فیول ٹینک میں پیٹرول/ڈیزل ڈلوانے کا مجاز ہوگا اور اسے کسی بھی قسم کے کنٹینر میں پیٹرولیم مصنوعات لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایمرجنسی گاڑیوں جیسے ایمبولینس، فائر، اشیائے ضروریہ کی سپلائی کرنے والی گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کو پٹرولیم مصنوعات کی الاٹمنٹ میں ترجیح دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: جاپان میں لینڈنگ کے دوران دو طیارے کے آپس میں ٹکرانے سے بڑا حادثہ، کئی کی موت

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ڈیلر پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS