اسلام آباد:(یواین آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی نااہلی معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حلقہ این اے 95 میانوالی پر ضمنی انتخاب کرانے سے روک دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر اور علی گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر عمران خان کی اپیل میں دستاویزات ریکارڈ کا حصہ بنانے کی متفرق درخواست منظور کرلی گئی۔دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو ڈی سیٹ کردیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کو کس نشست سے ڈی سیٹ کیا گیا؟ بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ درخواست گزار کو حلقہ این اے 95 میانوالی سے ڈی سیٹ کیا گیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی سے 63 (2) کے تحت آیا تھا؟ بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے ریفرنس آیا اور الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 63 پی کے تحت نااہلی کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اگر اسپیکر کو پتا لگے کہ ایک رکن اسمبلی سزا یافتہ ہے تو کیا وہ خود ڈی سیٹ کرسکتا ہے؟ کیا یہ ریفرنس اسپیکر نے خود بنایا یا کسی نے کوئی درخواست دی تھی؟ انہوں نے ریفرنس میں کہا کہ صادق و امین نہیں رہے تو ہم ریفرنس بھیج رہا ہوں۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صادق و امین کو نہیں دیکھا، الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم کسی کو بھی الیکشن ایکٹ کے تحت نااہل کرسکتے ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا گوشوارے ہر رکن اسمبلی سالانہ جمع کرتے ہیں؟ بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ ہر سال ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان کو گوشوارے جمع کرنا ہوتے ہیں، اگر کسی نے کوئی چیز بیچ دی تو اسے جمع کرنے یا بتانے کی ضرورت نہیں، اگر آپ گوشوارے جمع نہیں کرتے تو آپکی رکنیت معطل ہوجاتی ہے۔
بیرسٹر علی ظفر نے استدعا کی کہ عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ معطل کیا جائے اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل نہیں کررہے، ضمنی الیکشن کرانے سے روک دیتے ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حلقہ این اے 95 میانوالی پر الیکشن کرانے سے روک دیا اور عمران خان کی اپیل پر فریقین کو نوٹسسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
بعد ازاں کیس کی سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل 29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کی تھی۔
جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS