نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے فلسطین میں جنگ بندی پر ووٹنگ میں ہندوستان کی عدم موجودگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی اقدار کا تحفظ ہمارا اصول رہا ہے اور فلسطین میں جنگ بندی کے معاملے پر خاموش رہ کر ہماری حکومت نے بہت غلط کیا ہے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہفتہ کے روز غزہ میں جنگ بندی پر ووٹنگ میں ہندوستان کے دور رہنے پر حیرت کا اظہار کیا اور مرکزی حکومت کی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کوئی بھی موقف اختیار کرنے سے انکار کر رہی ہے اور خاموشی سے ہر قانون کو دیکھ رہی ہے۔ فلسطین میں انسانیت کو تباہ کیا جا رہا ہے، یہ ان سبھی چیزوں کے خلاف ہے جن کے لئے ہمارا ملک کھڑا ہے۔
بابائے قوم مہاتما گاندھی کی بات کا ذکرکرتے ہوئے واڈرا نے کہا کہ آنکھ کے بدلے آنکھ پوری دنیا کو اندھا بنا دیتی ہے۔ میں حیران اور شرمندہ ہوں کہ ہمارے ملک نے غزہ میں جنگ بندی کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔
ہمارے ملک کی بنیاد عدم تشدد اور سچائی کے اصولوں پر ہے اور ان اصولوں کے لیے ہمارے مجاہدین آزادی نے قربانیاں دی ہیں اور ہمارے آئین کے یہی اصول ہمارے قومہ جذبہ کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہی اصول ہندوستان کی اخلاقی جرات کی نمائندگی کرتے ہیں اور اِنہیں کو بنیاد بناکر ہم نے عالمی برادری کے ایک رکن کے طور پر رہنمائی کی ہے۔
مزید پڑھیں: اسرائیل فلسطین مسئلہ پر اقوام متحدہ کی اسمبلی میں منظور کردہ قرارداد کی ووٹنگ میں ہندوستان نے حصہ نہیں لیا
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے فلسطین کے 3000 بچوں اور 1700 خواتین کو ابدی نیند سُلا دیا ہے: ریاض منصور
کانگریس جنرل سکریٹری نے آگے کہا کہ جب انسانیت کے ہر قانون کو تہس نہس کر دیا گیا ہو، لاکھوں لوگوں کے لیے خوراک، پانی، طبی سامان، مواصلات اور بجلی منقطع کر دی گئی ہے ہو اور فلسطین میں ہزاروں مردوں، عورتوں اور بچوں کو خاموشی سے ہلاک ہوتے دیکھنا ان تمام چیزوں کے خلاف ہے جس کے لیے ہندوستان ہمیشہ کھڑا رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں خاموش رہنا ملک کے اصولوں کے خلاف ہے۔ کیونکہ یہ وہ اقدار ہیں جن کے لیے ہم بحیثیت ملک ہمیشہ کھڑے رہے ہیں۔
(یو این آئی)