حیدرآباد : جشن میلاد النبی نہایت ہی جوش و خروش اور مذہبی جذبہ کے ساتھ منایا گیا

    0

     حیدرآباد: شہر حیدرآبادمیں جشن میلاد النبی نہایت ہی جوش وخروش اور مذہبی جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ شہر کے کئی مقامات کو سبز پرچموں اورروشنیوں سے منور کیا گیا۔ جگہ جگہ قوالیوں اور نعتیہ کلام کا اہتمام کیا گیاساتھ ہی خانہ کعبہ اور گنبد خضیء کے ماڈلس بھی لگائے گئے جو لوگوں کی کشش کا سبب دیکھے گئے بالخصوص پرانا شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں سجاوٹ پر مختلف تنظیمیں ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرتی ہوئی دیکھی گئیں۔ مرکزی جلسہ رحمت للعالمین کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے دارالسلام میں کل شب آن لائن  منعقد کیا گیا۔ کوویڈ وبا کے پیش نظر پہلی مرتبہ یہ جلسہ آن لائن منعقد کیاگیا جس سے علما نے خطاب کیا۔ شہر حیدرآباد کی مختلف مساجد‘خانقاہوں‘درگاہوں اور دیگر مقامات پر بھی جلسوں کا اہتمام کیاگیااور موئے مبارک کی زیارت کروائی گئی۔ ہزاروں افراد نے موئے مبارک کی زیارت کی اور درود کا نذرانہ پیش کیا۔ شہر کی مرکزی مسجد مکہ مسجد میں بھی موئے مبارک کی زیارت کروائی گئی۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے صبح ہی سے میلادجلوس نکالے گئے جس میں شرکاء نے سبز پرچم لہراتے ہوئے میلاد کی خوشیاں منائیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ جلوس کے موقع پر پولیس کا معقول بندوبست بھی دیکھا گیا۔ اس موقع پر علماء و مشائخ نے میلادالنبیؐ کی ا ہمیت اور افادیت پر زور دیا۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے خون کے عطیے کے کیمپس بھی منعقد کئے گئے۔ شہر میں مختلف مقامات پر جگہ جگہ لوگوں کے لئے طعام کا بھی اہتمام کیا گیا۔  
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS