سری نگر: (یو این آئی) پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں جمعے کی شب دیر گئے لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہائی برڈ جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سوپور پولیس، فوج کی 22 آر آر اور سی آر پی ایف کی 179 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے سوپور کے شانگر گنڈ کراسنگ پر جمعے کی شام قریب سوا نو بجے ایک ناکہ لگا دیا۔انہوں نے بیان میں کہا کہ چیکنگ کے دوران قریب پونے دس بجے ایک شخص کو چک براتھ لنک روڈ سے سوپور- کپوارہ روڈ کی طرف مشکوک حالت میں جاتے ہوئے دیکھا گیا۔موصوف ترجمان نے کہا کہ مذکورہ شخص کو سیکورٹی فورسز نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ ناکئے پر تعینات سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو مستعدی کا مظاہرہ کرکے اس کو دھر لیا۔بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص کی تلاشی لی گئی اور اس دوران اس کی تحویل سے ایک پستول، ایک میگزین اور دس پستول گولیاں بر آمد کی گئیں۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدہ نے اپنی شناخت ثاقب شکیل ڈار ولد شکیل احمد ڈار ساکن ممکاک بٹہ پورہ کے بطور کی۔بیان میں کہا گیا: ’تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ لشکر طیبہ جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک ہائی برڈ جنگجو کی حیثیت سے کام کر رہا تھا اور سیکورٹی فورسز اور عام لوگوں پر حملہ کرنے کے لئے موقعہ ملنے کی تلاش میں تھا‘۔پولیس ترجمان نے کہا کہ مزید بر آمد گیاں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن سوپور میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
سوپور میں لشکر کا ہائی برڈ جنگجو گرفتار، اسلحہ بر آمد
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS