نئی دہلی: (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پرجھوٹ بولنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جھوٹ کی وجہ سے 12 ریاستوں میں آکسیجن کی سپلائی متاثر ہوئی ہے ، اگر ان ریاستوں کو آکسیجن مل جاتا توکئی لوگوں کی جان بچائی جاسکتی تھی۔
بی جے پی کے ترجمان سمبیت پاترا نے جمعہ کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر کیجریوال نے آکسیجن کے تعلق سے گھناؤنی سیاست کر کے گھناؤنا جرم کیا ہے ، اس مجرمانہ غفلت کے لئے انہیں سپریم کورٹ میں قصوروار ٹھہرایا جانا چاہئے ۔
انہوں نےآکسیجن رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’کیجریوال حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے رہنما خطوط کے مطابق آکسیجن کی ضرورت کی حساب لگایا تھا ، لیکن جب عدالت عظمی کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی نے کیجریوال سے آئی سی ایم آر کے رہنما خطوط کی کاپی مانگی تو انہوں نے ہاتھ کھڑے کر دیے ۔ مسٹر کیجریوال نے سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا جس کے لئے انہیں معافی مانگنی چاہئے‘‘۔
پاترا نے مزید کہا ’’6 مئی کو کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس کرکے 700 میٹرک ٹن آکسیجن کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے کچھ گھنٹوں بعد ان کی عام آدمی پارٹی کے لیڈر راگھو چڈھا نے کہا تھا کہ انہیں 976 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت ہے۔ ایک ہی دن میں دو الگ الگ اعداد وشمار بتائے گئے ۔ یہ کہیں نہ کہیں ایک سازش کے تحت کیا گیا ہے ، دہلی حکومت نے اپنی غلطی چھپانے کے لئے مرکز پر الزام لگا یا ‘‘۔ انہوں نے کہا’’آکسیجن آڈٹ کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے مطابق دہلی حکومت کی طرف سے 25 اپریل سے 10 مئی کے درمیان دہلی آکسیجن کی جومانگ رکھی گئی ، وہ دراصل ضرورت سے چار گنا زیادہ تھی ۔ کمیٹی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ دہلی کو آکسیجن کی اضافی سپلائی کی وجہ سے بارہ ریاستوں میں سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دہلی کو بستروں کی صلاحت کے مطابق 289 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت تھی ،جب کہ دہلی حکومت کی جانب سے دعویٰ کیا کہ انہیں 1140 میٹرک ٹن آکسیجن،جو ضرورت سے چار گنا زیادہ تھی ‘‘۔
کیجریوال کے جھوٹ کی وجہ سے 12 ریاستوں میں آکسیجن کی سپلائی متاثر ہوئی : بی جے پی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS