اساتذہ کی تنخواہ کے معاملے میں شمالی دہلی میونسپل کو ہائی کورٹ کی پھٹکار، تنخواہ جلد جاری کرنے کی ہدایت

0

نئی دہلی:  اساتذہ اور شمالی میونسپل کے اہلکاروں کی تنخواہ پر آج ازخود نوٹس لے کر شنوائی کرتے ہوئے دہلی ہائی کورٹ نے دہلی حکومت اور میونسپل کو اساتذہ اور دیگر اہلکاروں کے بقایا کے بارے میں ایک ہفتے میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 
آل دہلی پرائمری ٹیچرس اسوسی ایشن کے ایڈووکیٹ رنجیت شرما نے بتایا کہ دہلی حکومت کے وکیل نے ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ آج جون کی تنخواہ کے لیے 49 کروڑ جاری کیے ہیں جس سے اساتذہ کو تنخواہ ملے گی۔ ہائی کورٹ نے میونسپل کی جانب سے محض مارچ کی سیلری اور کووِڈ ڈیوٹی کرنے والوں کو سیلری دینے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے میونسپل کے افسران کو پھٹکار لگائی۔ اس معاملے کی اگلی شنوائی 09 جولائی کو ہے۔ 
اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری رام چندر ڈباس نے بتایا کہ اساتذہ کے مفادات کے لیے تنظیم کو جتنی بھی جد و جہد کرنا پڑے‘ وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سنگھ کے ڈپٹی جنرل سکریٹری نوین سانگوان نے امید ظاہر کی اساتذہ کو جلد ہی جون تک کی تنخواہ ملے گی اور اس مسئلے کا مستقل حل ہوگا۔ 
اسوسی ایشن کے صدر اروند مشرا نے بتایا کہ شمالی دہلی میونسپل میں بر سرِ کار 9000 ٹیچر میونسپل کے تقسیم کے وقت 2012 سے تنخواہ وغیرہ وقت پر نہ ملنے سے زیادہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ 
غور طلب ہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے میونسپل کے اساتذہ کو تنخواہ، بھتہ اور پینشن وغیرہ نہ ملنے کے سبب دھرنا، مظاہرہ اور بھوک ہڑتال وغیرہ تحریکات کے سہارے میونسپل انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS