خوشی غم کو بھول جانے کا دوسرا نام ہے، اگر آپ پریشانیوں سے تھک چکے ہیں تو یہ 5 کام کر کے دیکھیں

0

اس وقت لوگوں کو زندگی میں مختلف قسم کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ ان سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہیں- لیکن ہم میں سے بہت سارے افراد زندگی میں آنے والی پریشانیوں کو اپنے اور اس طرح مسلط کر لیتے ہیں کہ اپنے برے رویے سے مسائل کو بڑھانے کا سبب بن جاتے ہیں- یاد رکھیں خوشی اور غم زندگی کی دھوپ چھاؤں کی طرح ہوتے ہیں انسان کا اصل امتحان درحقیقت مشکلات میں ہی ہوتا ہے جو ان کا مقابلہ بہادری سے کر لیتا ہے وہی کامیاب ترین شخص ہوتا ہے آج ہم آپ کو پریشانی کی حالت میں خوش رہنے کے کچھ آسان طریقے بتاتے ہیں-

لائٹ تھراپی گھر پر ہی کریں
جس طرح سورج کی روشنی اس دنیا کے اندھیروں کو دور کر دیتی ہے اسی طرح کچھ وقت لائٹ تھراپی کرنے سے بھی انسان کی زندگی مایوسیوں کے اندھیرے سےباہر آجاتی ہے جس کا طریقہ کار کچھ اس طرح سے ہے- کسی بھی جگہ پر آرام دہ حالت میں صوفے پر بیٹھ جائیں ۔ سائڈ پر ایک لیمپ رکھ لیں اور اس کو جلا دیں۔ اس لیمپ کی طرف براہ راست نہ دیکھیں۔ اس روشنی میں آرام سے بیٹھ کر کوئی بھی ایسا کام کریں جو آپ کو خوشی فراہم کر سکے۔ اس دوران کتاب کا مطالعہ، میوزک کو سننا یا پھر کوئی بھی دوسرا مشغلہ اس طرح سے کریں جو آپ کو ذہنی طور پر مشغول کر سکے آدھے گھنٹے کے اس عمل سے آپ کا نہ صرف موڈ بہتر ہو گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ خوشی بھی ملے گی-

علی الصبح واک کرنے جائيں
انسان کے دن کا آغاز اگر اچھا ہو تو سارا دن اچھا گزرتا ہے۔ اس وجہ سے صبح کے آغاز میں کچھ وقت تازہ ہوا میں واک کریں اس سے ایک جانب تو جسم کے انرجی لیول میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ جسم اور دماغ تروتازہ ہو جاتا ہے-صبح کے وقت کی واک سائنسی طور پر ثابت شدہ ہے کہ یہ دماغی افعال کو بہتر بناتی ہے کیوں کہ اس واک سے دماغ کو خون کی فراہمی بہتر ہوتی ہے اور انسان مسائل کے حل کی کوشش میں بہتر طریقے سے ارتکاز کر سکتی ہے-

نیکی اور بھلائی کے کام کریں
اگر آپ کو اپنی مشکل بہت بڑی لگ رہی ہے تو اپنی نظر کو ان لوگوں کی طرف موڑ لیں جو کہ آپ سے بڑے مسائل کا شکار ہیں اس کے بعد اپنے تکلیف اور غم کا واویلا کرنے کے بجائے کسی دوسرے انسان کی مدد کریں- اس سے ایک جانب تو آپ کو خوشی ملے گی اور اسکے ساتھ ساتھ اپنی مشکل چھوٹی لگنے لگے گی-

تھوڑا ہنس کر پریشانیاں بھگائيں
انسان مشکل میں ہنستے ہوئے پاگل لگتا ہے لیکن ہنسنے کی وجہ ڈھونڈ کر ہنسنے والا انسان خوش نصیب ہونے کے ساتھ ساتھ کامیاب بھی ہوتا ہے۔ اگر آپ پریشان ہیں اور کسی مشکل کا حل نہیں مل رہا ہے تو کچھ دیر کے لیے پریشانیوں کو ایک جانب رکھ کر کوئی مزاحیہ شو یا فلم لگا کر دیکھیں اور کچھ وقت ہنس کر گزاریں- تھوڑی دیر میں ہی پریشانی کا سامنا کرنے کی ہمت اور طاقت مل جائے گی

کچھ مزے کا کھائيں
انسان کے دل کا راستہ اس کے پیٹ سے ہو کر گزرتا ہے۔ پریشانی کو بھگانے کا حل ماہرین کے نزدیک آپ کے کھانے کی عادات میں بھی چھپا ہے کچھ مزیدار کھانے کے لیے بہت سارے پیسوں کی ضرورت نہیں ہوتی ہے- بلکہ بعض اوقات صرف ایک چاکلیٹ بھی آپ کے بگڑے موڈ کو ٹھیک کر سکتی ہے-

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS