حکومت سعودی عرب نے ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہونے کے بعد رواں برس حج میں عازمین کی تعداد کو بڑے پیمانے پر کم کرنے کی تجویز پرغور شروع کردیا ہے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق رواں برس جولائی کے آخر میں حج شروع ہوگا لیکن سعودی حکومت عازمین کی تعداد کو کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔
حج کے معاملات سے جڑے ذرائع کا کہنا تھا کہ حکام رواں برس صرف علامتی تعداد کو حج کی اجازت دینے پر غور کر رہے ہیں جبکہ بزرگوں پر پابندی اور صحت کے حوالے سے سختی کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق بعض حکام کا مشورہ ہے کہ حج کو منسوخ کردیا جائے جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے تمام ممالک کو معمول کے کوٹے سے 20 فیصد کی اجازت دینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سعودی حج امور کے ترجمان یا سرکاری میڈیا کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم سخت پابندیوں کے ساتھ 20 فیصد کوٹے کی اجازت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
حج کو محدود کرنے سے سعودی عرب کی معیشت کو بڑے نقصان کا خطرہ ہے جبکہ کورونا وائرس کے باعث سعودی معیشت پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
حج 2020:مملکت سعودی عرب کا عازمین کی تعداد کم کرنے پرغور
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS