گیان واپی : سپریم کورٹ کا اگلے حکم تک وضو خانہ کی حفاظت جاری رکھنے کا حکم

0

نئی دہلی/ وارانسی، (ایجنسیاں) : وارانسی کے گیان واپی معاملے میں سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے اگلے حکم تک وضو خانہ کی حفاظت جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، جہاں سے ’شیولنگ‘ ملا تھا۔ اس سے قبل عدالت نے 12 نومبر تک تحفظ کا حکم دیا تھا جس کی تاریخ ہفتہ کو ختم ہو رہی تھی۔ ایسے میں جمعہ کو سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اسے بڑھانے کا حکم دیا ہے۔ ہندو فریق کے وکیل وشنو شنکر جین نے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ سے اپیل کی تھی کہ یہ تحفظ جاری رکھا جائے۔ اس پر عدالت نے سماعت کرتے ہوئے 17 مئی کے اپنے حکم کو جاری رکھا۔سپریم کورٹ نے اس سے قبل 17 مئی کو حکم دیا تھا کہ گیان واپی کے اندر جس وضوخانہ سے ’شیولنگ‘ ملا تھا اسے محفوظ رکھا جائے۔ فی الحال وہاں مرکزی فورسز تعینات ہیں اور اس کی حفاظت کی جا رہی ہے تاکہ اس کی نوعیت کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ ہو اور جوں کی توں صورتحال برقرار رہے۔ ہندو فریق کے وکیل وشنو شنکر جین نے کہا کہ ’سپریم کورٹ نے ’شیو لنگ‘ ملنے والی جگہ کو سیل رکھے جانے کے فیصلے کو اگلے حکم تک کےلئے بڑھا دیا ہے۔‘ عدالت نے مسلم فریق کی جانب سے دائر درخواست پر جواب دینے کےلئے ہمیں 3 ہفتے کا وقت دیا ہے۔
دوسری جانب وارانسی کے ضلع جج اے کے وشویش نے گیان واپی-شرنگار گوری معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التوا رہنے کے مدنظر سماعت کی اگلی تاریخ 5 دسمبر طے کی ہے۔ ضلع سرکاری وکیل مہندر پانڈے نے بتایا کہ گیان واپی-شرنگار گوری معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التوار رہنے کے سبب جج وشویش نے اگلی سماعت کےلئے 5 دسمبر کی تاریخ طے کی ہے۔ واضح رہے کہ گیان واپی-شرنگار گوری معاملے میں وارانسی کے ضلع جج اے کے وشویش کی عدالت میں ہندو فریق نے گیان واپی احاطہ کے بند تہہ خانہ کا تالہ کھلوا کر اس کا سروے کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر مسلم فریق کے وکلا نے عدالت کے سامنے اپنا اعتراض پیش کیا تھا۔ اب ہندو فریق کو ا س پر اپنا جواب داخل کرنا ہے۔ ہندو فریق کی ایک مدعی راکھی سنگھ کے وکیل نے گیان واپی احاطہ میں مبینہ طور پر ملنے والے لکشمی گنیش کے مجسمہ کو محفوظ کرنے کے مطالبہ کےلئے عدالت کے سامنے درخواست پیش کی تھی۔ اس پر مسلم فریق کے وکلا کو اپنا اعتراض پیش کرنا تھا۔دوسری جانب گیان واپی کمپلیکس کا اے ایس آئی سے سروے کرانے کے حکم کے خلاف الٰہ آباد ہائی کورٹ میں جسٹس پرکاش پاڈیا کی سنگل بنچ نے مسلم فریق کی عرضیوں پر سماعت کی۔ہندو فریق نے اپنے دلائل پیش کئے اور اس کی بحث آج مکمل نہیں ہوسکی۔ معاملے کی اگلی سماعت 28نومبر کو ہوگی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS