جموں وکشمیر حکومت بھی ملک کی کئی ریاستوں کے نقش قدم پر چل کر شراب تاجروں کو کام کرنے کی اجازت دینے پر غور کر رہی ہے تاہم آمدنی بڑھانے کے لئے شراب کی فروخت میں اضافہ کیا جائے گا۔ بتادیں جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 224 شراب کی دکانیں ہیں جن میں سے جموں میں 220 جبکہ کشمیر میں صرف 4 دکانیں ہیں، جن سے حکومت کو ماہانہ ایک سو کروڑ کی آمدنی ہوتی ہے۔
ذرائع کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندار مرمو کی صدارت میں عنقریب منعقد ہونے والے انتظامی کونسل میں اس سلسلے میں ایک تجویز پیش کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ 'یہ تجویز کی گئی ہے کہ ریڈ زون علاقوں اور شاپنگ کمپلیکسوں کو چھوڑ کر جہاں شراب کی دکانیں واقع ہیں ان کو دوبارہ کھلنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ ذرائع نے بتایا کہ تجویز کے مطابق مختلف اقسام کی شراب پر زیادہ سے زیادہ پچاس فیصد ڈیوٹی بڑھا دی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر ایکسائز کمشنر راجیش کمار شاون نے حال ہی میں کہا تھا کہ موجودہ حالات، جب جموں ریڈ زون میں ہے، میں شراب کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دینے سے سماجی دوری بنائے رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔