کانگریس حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ کانگریس صدر سونیا گاندھی کی میٹنگ
نئی دہلی ( ایجنسیاں) : کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے ہفتے کے روز کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ میٹنگ میں الزام لگایا کہ نریندر مودی حکومت نے کورونا وبا میں بد انتظامی کی اورٹیکہ ایکسپورٹ کرکے ملک میں ویکسین کی کمی کردی ۔ انہوں نے میٹنگ میں یہ بھی کہا کہ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ کمزور طبقات کی مدد کے لئے بھی سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس میٹنگ میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ موجود تھے۔ سونیا نے کہا ، ’کورونا وائرس کا انفیکشن بڑھتا جارہا ہے اور مرکزی اپوزیشن پارٹی کی حیثیت سے یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم معاملات اٹھائیں اورسرکار پردبائوبنائیں تاکہ وہ عوامی رابطوں کے حربوں کو اپنانے کے بجائے عوامی مفاد کے لئے کام کرے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ شفافیت ہونی چاہئے۔ حکومت کو کانگریس حکومت والی سمیت تمام ریاستوں میں انفیکشن اورا موات کے حقیقی اعدادوشمار پیش کرنا چاہئے ۔
مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے سونیا نے کہا کہ ہمیں پہلے ہندوستان میں ویکسینیشن مہم پر توجہ دینی چاہئے اور پھر ویکسین برآمد کرکے دوسرے ممالک کو بھی دینا چاہئے۔ ہمیں اس بات پر زور دینا ہوگا کہ ذمہ دارانہ سلوک ہو اورکسی امتیاز کے بغیر کووڈ سمیت سبھی رہنماضوابط اور تمام قوانین پر عمل کیا جائے۔کانگریس صدر کے مطابق وفاق کا احترام کرنے والی ریاستوں کے ساتھ تعاون کرنا اور حزب اختلاف کی جانب سے مرکزی حکومت کی کوششوں کی حمایت کرنا اس وبا کے خلاف جنگ میں یکساں اہم ہے۔ اس لڑائی میں سب متحد ہیں۔ انہوں نے الزام لگایاکہ مودی حکومت نے حالات میں بدانتظامی کی ہے۔ویکسین برآمد کردی اور ملک میں ویکسین کی کمی ہونے دی۔ سونیا نے کہاکہ انتخابات کے لئے بڑے پیمانے پر لوگوں کے جمع ہونے اور مذہبی تقاریب کی وجہ سے معاملات میں تیزی آئی ہے۔ ہم سب کسی حد تک اس کے لئے ذمہ دار ہیں۔ ہمیں اس ذمہ داری کو قبول کرنے اور قومی مفاد کو خود سے اوپررکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت والی ریاستوں میں کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے اور ان اقدامات سے متاثرہونے والے کمزور طبقات کی مدد ہونی چاہئے۔
وزیراعظم کی وجہ سے ملک میں ویکسین کی کمی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS