گورکھپور:یوگی کی قیادت میں خاص ہوگا ہولی کا جلوس

0

گورکھپور:(یواین آئی)اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کے دوسرے ٹرم کا رسمی آغاز کرنے سے قبل کارگذار وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ہر سال کی طرح اپنے آبائی شہر گورکھپور میں رنگوں کے تیوہار کو پورے رسم و رواج کے ساتھ منائیں گے۔ یوگی تین روزہ دورے پر بدھ کی دیر شام گورکھپور پہنچیں گے اور مختلف مذہبی پروگراموں میں شرکت کے ساتھ مقامی حکام اور قریبی لوگوں سے ملاقات کریں گے۔ وہ جمعرات یعنی 17مارچ کو ہولی کا دہن پروگرام میں شامل ہونگے اور 19مارچ کو ہولی کے موقع پر نکلنے والے روایتی جلوس کی قیادت کریں گے۔ ہولی جلوس 19مارچ کو مقامی گھنٹہ گھر سے صبح ساڑھے آٹھ بجے نکلے گا جو شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے تقریبا آٹھ گھنٹے کی مسافت طے کرنے کے بعد شواوتاری بابا گورکھناتھ کے مندر پر اختتام پذیر ہوگا۔
گورکھپور میں اس بار ہولی خاص ہے اس لئے انتظامیہ نے بھی خصوصی تیاری کررکھی ہے۔ اس موقع پر انتظام و انصرام میں محو افسران کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ نگر نگم اور محکمہ بجلی نے روٹ کے شاہراہوں پر لٹکتے ہوئے تاروں اور ٹوٹی۔پھوٹی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہولی کے بعد یوگی حکومت کے دوسرے ٹرم کے حلف برداری تقریب لکھنؤ میں شاندار طریقے سے منائے جانے کا منصوبہ ہے جس کی تاریخ کا اعلان جلد ہی کئے جانے کے امکانات ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS