گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں سے منسلک اسپتالوں میں منگل کے روز سے محدود او پی ڈی خدمات بحال ہوں گی۔ سماجی دوری کو بنائے رکھنے کے لئے مریضوں کو فون کرکے الگ الگ اوقات پر اسپتالوں میں بلایا جائے گا۔
جی ایم سی جموں کے پرنسپل ڈاکٹر نصیب چند ڈوگرہ نے آج نامہ نگاروں کو بتایا کہ لوگوں کے مطالبے پر گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں اور اس سے منسلک اسپتالوں میں محدود او پی ڈی خدمات منگل سے بحال ہوں گی۔
انہوں نے کہا: 'لوگوں کا مطالبہ تھا کہ اسپتالوں میں او پی ڈی خدمات شروع ہونی چاہئیے۔ ہم نے سوچ سمجھ کر اور تمام شعبوں کے سربراہوں کو اعتماد میں لیکر حکمت
عملی مرتب کی ہے۔ منگل سے ہر شعبے میں بیس مریضوں کو دیکھا جائے گا۔ سماجی دوری کو بنائے رکھنے کے لئے ہم مریضوں کو الگ الگ اوقات پر بلائیں گے'۔
انہوں نے مزید کہا'ایک مریض کے ساتھ ایک ہی تیماردار کو آنا چاہیے۔ اگر مریض کو کسی مدد کی ضرورت نہیں ہے تو اسے اکیلے آنا چاہیے۔ ہر شعبے میں دو سینئر ڈاکٹر اور کچھ جونیئر ڈاکٹر مریضوں کو دیکھیں گے'۔
بتادیں کہ جموں کے دس اضلاع میں کشمیر کے مقابلے میں کورونا وائرس کے بہت کم معاملے سامنے آئے ہیں۔ انتظامیہ نے پہلے ہی پوری وادی کو ریڈ زون قرار دیا ہے۔