نئی دہلی، (یو این آئی) : لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان (ریٹائرڈ) نے پیر کو نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کا عہدہ سنبھال لیا۔ لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان ملک کے دوسرے سی ڈی ایس ہیں۔ چارج سنبھالنے سے قبل صبح وہ نیشنل وار میموریل گئے اور شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا۔ دفتر پہنچنے پر تینوں سروسز کے اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا عہدہ سنبھالا۔لیفٹیننٹ جنرل انیل چوہان سکریٹری محکمہ فوجی امور کے فرائض بھی دیکھیں گے ۔وہ پہلے سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ جنرل راوت دسمبر 2021 میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ تب سے یہ عہدہ خالی پڑا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان نے فوج میں تقریباً 40سال پر محیط کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ، اسٹاف اور اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔ ان کے پاس انسداد دہشت گردی اور انسداد بغاوت کی کارروائیوں کا خاص طور سے جموں و کشمیر اور شمال مشرق میں وسیع تجربہ ہے ۔18مئی 1961 کو پیدا ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان نے 1981میں فوج کی 11 گورکھا رائفلز میں کمیشن حاصل کیا۔ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کھڑکواسلا اور انڈین ملٹری اکیڈمی دہرادون کے سابق طالب علم لیفٹیننٹ جنرل چوہان کو سال 2019میں ایسٹرن کمانڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ ذمہ داری مئی 2021 میں اپنی ریٹائرمنٹ تک نبھائی۔ لیفٹیننٹ جنرل چوہان کو نمایاں اور ممتاز خدمات کےلئے پرم وششٹ سیوا میڈل، اتم یودھ سیوا میڈل، اتی وششٹ سیوا میڈل، سینا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا جاچکا ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS