راہل شرما کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

0

پنجاب (یو این آئی) : ہندوستانی کرکٹر راہل شرما نے اتوار کو کھیل کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔پنجاب سے تعلق رکھنے والے راہل نے 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور ہندوستان کے لیے چار ون ڈے اور دو ٹی ٹوینٹی کھیلے ہیں۔ بین الاقوامی اور گھریلو کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد راہل اب روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں نظر آئیں گے۔ اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے راہل نے کہاکہ سب سے اونچی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ۔ مجھے اس خاندان میں جگہ دینے کے لیے بی سی سی آئی کا شکریہ۔ ملک کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کا بنیادی مقصد ہوتا ہے ۔میں خوش ہوں۔ کہ میں یہ کامیابی حاصل کر سکا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستانی ٹیم کی نیلی جرسی پہننا میرے لیے سب سے یادگار لمحہ تھا۔ میں اس یاد کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔ گوتم گمبھیر، راہل ڈراوڑ، وی وی ایس لکشمن، وریندر سہواگ، مہندر سنگھ دھونی، یووراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، سریش سنگھ رینا، روہت شرما، وراٹ کوہلی اور تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم کا اشتراک کرنا میرے لیے خوش نصیبی کی بات تھی۔راہل نے 2010 میں دکن چارجرز کے لیے کھیلتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ڈیبیو کیا۔ وہ اس وقت بیلز فالج میں مبتلا تھے ، جس میں چہرے کے پٹھے عارضی طور پر کمزور ہو جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دکن چارجرز میں ان کے اس وقت کے کپتان ایڈم گلکرسٹ نے ان کی مدد کی اور کھیلتے رہنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔راہل بعد میں آئی پی ایل میں پنے واریئرز، دہلی ڈیئر ڈیولز اور چنئی کے لیے کھیلے ۔ انہوں نے آئی پی ایل کیریئر میں 44 میچ کھیلے ، 27.15 کی اوسط اور 7.02 کی اکانومی سے 40 وکٹیں حاصل کیں۔راہل نے کہا کہ وہ اب اپنی نئی اننگز کے لیے تیار ہیںاور جلد ہی روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز میں نظر آئیں گے ۔یہ ٹورنامنٹ 10 ستمبر سے شروع ہوگا جہاں راہل انڈین لیجنڈز کی طرف سے کھیلتے نظر آئیں گے ۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS