Image: The Indian Express

اردو اکادمی، دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد کی باشندگان دہلی کو رمضان کی مبارکباد
نئی دہلی: (یو این آئی) رمضان المبارک میں خاص طور سے دہلی اور مرکزی حکومت کی گائڈ لائن کے مطابق زندگی گزاریں۔ ماسک ضرور پہنیں،بار بار ہاتھ دھوئیں اورسماجی فاصلہ یعنی دو گز کی دوری کا خیال رکھیں۔ رات کو جلد از جلد نمازتراویح سے فارغ ہوکر گھر پہنچیں۔ اپنی گلی اور محلوں میں بھی لوگوں میں بیداری پیدا کریں اور اپنے بچوں کو خاص طور پر ہدایت دیں کہ وہ اِدھر اُدھر پھرنے سے گریز کریں۔ ان خیالات کا اظہار یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دہلی اردو اکادمی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے باشندگان دہلی کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس کی طرح اس رمضان میں بھی کورونا کا سامنا ہے۔یہ ہماری آزمائش ہے۔ رمضان المبارک عبادتوں کا مہینہ ہے۔ اس میں ہر نماز کے بعد عموماً اور تہجد کی نماز میں خصوصاًخدا سے دعا کریں کہ وہ پوری امت مسلمہ اور ہمارے ملک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو اس مہلک بیماری سے محفوظ رکھے اور جلد از جلد کورونا کی وبا سے ہم سب کو نجات دے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ اس وبا سے جہاں لوگ بیماریوں سے پریشان ہیں، وہیں اس کا روزگار پر نہ صرف منفی اثر پڑا ہے بلکہ متوسط اور کمزور طبقات کی کمرہی ٹوٹ گئی ہے۔خدا ہی ہمیں ہر طرح کی ا ٓفات سے نجات دے سکتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ برادرانِ وطن کو بھی دعاؤں میں یاد رکھیں،اس لیے کہ یہ ہماری ہندوستانی تہذیب کا عظیم ورثہ ہیں۔ ان کی حفاظت بھی ضروری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS