دہلی کے مختلف اسکولوں ،مدارس اوردفاترمیں یوم جمہوریہ پر پرچم کشائی

0

نئی دہلی(محمد یامین؍ایس این بی):کورونا وائرس وبا کے مد نظر شمال مشرقی ضلع کے مختلف اسکولوں میں یوم جمہوریہ کی سالگرہ پرپرچم کشائی کی رسم نہایت سادگی سے ادا کی گئی جس میں منتخب نمائندوں ،مقامی سرکردہ لوگوں ،سوسائٹیوں کے ذمہ داران اور بچوں کے والدین نے بطور خاص شرکت کر کے خوشی کا اظہار کیا ۔ 
ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول جعفر آباد میں کووِڈ۔19 کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میںمقامی ایم ایل اے (سیلم پور) عبدالرحمان کے ہمراہ ، پارٹی ممبرانیل جین ،لوکل ایس ایم سی نگراں سریتا گولا،سماجی کارکن حاجی شفیق احمد ،محمد رضوان کے علاوہ ا سکول منتظمہ کمیٹی کے صدر احمد حسن،منیجر زین العابدین اور پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خان نے مشترکہ طور پر پرچم کشائی کی رسم اداکی ۔ دسویں اور بارہویں جماعتوں کے طلبا نے قومی ترانہ اور حب الوطنی کے گیت پیش کیے ۔پروگرام کے آغاز میںبارہویں جماعت کے طالب علم محمد زبیرنے موقع کی مناسبت سے تقریر پیش کی اور سامعین کو یوم جمہوریہ سے متعلق تاریخ و اہمیت سے روشناس کرایا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ایم ایل اے عبدالرحمن نے کہا کہ کووِڈ ۔19 کے دوران اسکول تو بند رہے مگر تعلیمی سلسلہ جاری رہا، اس اسکول کے طلبا اور ان کے والدین نے ایسے حالات میں جس بہادری اور توازن کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے ۔مزید یہ کہ جس طرح ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول نے محدود وسائل کے باوجود آن لائن تعلیم کے سلسلے کو معیار بخشا وہ قابل مبارکباد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خاں وقتا فوقتا اسکول کے اساتذہ اور طلبا کی ہمت، حوصلہ افزا ویڈیو کے ذریعہ بڑھاتے بھی رہے جس کے مد نظر اس سال بھی طلبا بورڈ کے امتحانات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد معروف خان نے کہا کہ کووڈ۔19وبا کے دوران ابھی اسکول بند ہیں تاہم آن لائن کلاسس کے ذریعہ ہم طلبا کو تمام تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں رہے ہیں۔ پروگرام کی نظامت تسلیم احمد اور افسانہ محبوب نے مشترکہ طور پر کی۔ آخر میں اسکول کے وائس پرنسپل ریا ض الحسن خان نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کی تیاری میںکلچرل انچارج فرحان بیگ کے علاوہ محمدتسلیم ،محمد ناصر ،افسانہ محبوب ، امتیاز احمد، شارب عظیم،شمیم حسن، ریاست علی ،اظہار عالم، فوزیہ ، طیبہ اور بشرا نے اہم کردار ادا کیا۔زینت محل جعفر آباد میں ممبر اسمبلی عبدالرحمن ، پرنسپل سنیتا راہی ، وائس پرنسپل، پرامیلا شرما،ناصر علی،شمع پروین، معین الدین ،پرمیندر کمار اور ریاض احمدنے مشترکہ طور پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔
جعفر آباد کے اندرا چوک پر مقامی تنظیم ’خدمت‘ کے تحت پرچم کشائی کی رسم ادا کانگریس کے سینئر لیڈر چودھری متین احمد ،خدمت کمیٹی کے ذمہ دار حاجی مقصود جمال،سردار ترلوک سنگھ ،ونود دھنکا، اکرام علی ناصر جاوید ، حاجی محمد ہارون، سردار حسین نے مشترکہ طور پر ادا کی۔ اس موقع پر چودھری متین احمد نے یوم جمہوریہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور تعلیم کاہے جس کے مد نظر تعلیم کی حصولیابی میں بے توجہی و لاپرواہی برتنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ تعلیم کے بغیرانسان کی زندگی ادھوری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نمائندہ عوامی خدمت کے لئے ہوتا ہے اور جب منتخب نمائندہ ہی لٹیرابن کر ذات و برادری کو اہمیت دینے لگے تو عوام عجیب کشمکش میں مبتلا ہوکراپنی غلطیوں کا یہ احساس کرنے لگتے ہیں کہ ہم نے اپنا قیمتی ووٹ  جسے دیا تھا وہ علاقہ کا اور نہ ہی ہمارا ہمدر د ثابت ہوا جس کا خمیازہ بھگتنے پر مجبور ہیں۔
نیو جعفر آبادکا عصری تعلیم کا اقلیتی ادارہ ہدیٰ ماڈرن سیکنڈری پبلک اسکول میں اسکول کے منیجر حاجی اکرام حسن نے اساتذہ کے ساتھ مشتر کہ طور سے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر حاجی اکرام حسن نے کہا کہ مسلمانوں کو  بنیادی دینی تعلیم حاصل کرنے کے بعد عصری تعلیم کی حصولیابی پر خاص دھیان دینے کی ضرورت ہے تبھی مسلم سماج کے بچوں کا تعلیمی میدان میں ترقی کرنا ممکن ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس جدو جہد میں رہتے ہیں کہ مسلم بچے بھی دوسری قوموں کے بچوں کی طرح حکومتی اور پرائیویٹ شعبوں میں بھی تعلیم کی بنیاد پر تقرری ہو اور یہ تبھی ممکن ہے کہ جب مسلم سماج اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کریں۔ موج پور وجے محلہ میں کے حسین کمیونٹی سینٹرمیں یوم جمہوریہ کی منعقدہ تقریب میں دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین ذاکرخان ، مقامی کونسلر ریشما کے شوہر محمد ندیم ، مقامی لوگوں میں حاجی ابن حسن ،محمد مقبول ،محمد ایوب قریشی ،حسن، یوسف، سرور خان،شیر محمد،وکیل احمد، اللہ نورملک، کامل ملک و صغیر انصاری نے بطور خاص شرکت کی ۔اس موقع پر تعلیم حاصل کرنے والے طلبا وطالبا ت کو بھی انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ 
جی جی ایس ایس نمبر1جے جے کالونی سیلم پور اسکول میں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی کی رسم ادا ممبر اسمبلی سیلم پور عبدالرحمن، پرنسپل مدھو بالا، ایس ایم سی ممبران و اساتذہ رینو گوتم ، حناشرما، مریم خان، رتی سنگھل، سیما دیوی، جیوتیو آبھا جین نے مشترکہ طور سے کی۔ جی ایس بی وی نمبر 1 نیو سیلم پور اسکول کے تحت یوم جمہوریہ کی سالگرہ پر مقامی ایم ایل اے ،حاجی شفیق قریشی ، فہیم خان ، اختر صدیقی ، بزمہ ،مظہر ،ایوب علی و اساتدہ میں سبھاش چند، ڈی کے تومر، پوار جی ، وجند شرما، روہتاش اور شاذیہ نے مشترکہ طور سے جھنڈہ سلامی کی رسم ادا کی ۔اوریکل پبلک اسکول چوہان بانگر میں اسکول کے منیجر فہیم احمد انصاری اور پرنسپل محمد آصف نے اساتذہ کے ساتھ پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔جعفر آباد وارڈ کی کونسلر حجن شکیلا اور ان کے شوہر بی ایس پی لیڈر حاجی محمد افضال نے ا سکولوں کے تحت پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔مصطفی آباد کی کونسلر پروین بیگم نے اپنے شوہر محمد معروف ودیگر سرکردہ لوگوں کے ساتھ بیشتر اسکولوں میں منعقدہ جشن جمہوریہ کی تقریبات میں بطور خاص شرکت کر کے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔ 
اینگلوعربک سینئرسیکنڈری اسکول میںیومِ جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر اسکول کے منیجر پروفیسر محمد مسلم خاں نے پرنسپل محمد وسیم احمد کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور این سی سی کے طالب علموں کے ساتھ ترنگے کوسلامی دی،جبکہ تقریب میںشامل جملہ اساتذہ واسٹاف ممبران اور دسویں وبارہویں جماعت کے طلباوطالبات نے قومی ترانہ گاکر ملک اور آئین کے تئیں اپنی عقیدت اور محبت کااظہار کیا۔اس سے قبل قرآن کی تلاوت سے تقریب کاآغاز ہوا۔اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میںمنیجر پروفیسر محمدمسلم خاں نے آزاد ملک میں آئین کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے حاضرین کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دی ،جبکہ پرنسپل محمد وسیم احمد نے آئین کی پاسداری کو ضروری قرار دیا اور تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے سبھی شرکا کا شکریہ ادا کیا۔
آج مشرقی دہلی کراول نگر کے اقرا پبلک اسکول سونیا وہار میں یومِ جمہوریہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کہ اساتذہ اور سینئر سیکنڈری جماعت کی طالبات نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت محمد انصاف سنابلی نے کی اور صدارت فریضہ حافظ سعید الرحمن سنابلی نے بحسن خوبی انجام دی،  پروگرام کا آغاز حافظ محمد علی نے تلاوت کلام پاک سے کی اور حمد باری تعالیٰ حافظ سعید الرحمن سنابلی نے عمدہ مترنم آواز میں پیش کی وہیں نعت نبیؐ نہایت ہی خوش لحن اور دلکش آواز میں شرف الدّین فیضی نے پیش کی۔وہیں نبا مسعود یومِ جمہوریہ پر دلکش انداز میں ایک نظم پیش کی اور سامعین کا دل جیت لیا۔ اس کے بعد اقرا پبلک اسکول کے سینئر استاد صلاح الدین قاسمی نے یومِ جمہوریہ پر مختصر اور جامع تاریخی واقعہ پیش کی جس میں انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی ترقی و تعمیر میں سارے مذاہب کے لوگوں کا برابر کا تعاون رہا ہے، لہٰذا ہمارا آئین ہمیں آپسی بھائی چارہ کا پیغام دیتا ہے۔اس کے بعد دسویں جماعت کی طالبہ سنبل عبد الرؤف نے اپنے ہم جماعت کے ساتھ قومی ترانہ ’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘ نہایت ہی اچھی اور دلکش آواز میں پڑھ کر سامعین کو مسحور کر دیا۔ اقرا پبلک اسکول کے پرنسپل محی الدّین آزاد نے یومِ جمہوریہ پر ایک پْر مغز تقریر پیش کی جس میں انہوں نے قومی یکجہتی اور بھائی چارہ کو فروغ دینے کی تلقین کی۔پروگرام کے اختتام میں اسکول کے پرنسپل محی الدّین آزاد نے تمام اساتذہ اور طالبات کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں اور محنتوں کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف تحسین کی ۔انہوں نے طالبات و اساتذہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی کے لیے ایک مقصد تعین کیجئے اور کچھ بننے سے پہلے آپ سب پہلے ایک اچھا انسان بننے کی کوشش کیجئے نیز اخیر میں طالباتِ اقرا نے ترانہ اقرا ’ ہم گل ہیں اقرا گلشن کے، مہکا ہوا اسکا دامن ہے‘ پڑھ کر مجلس پر سکتہ طاری کردیا اس کے بعد پروگرام ختم ہوا۔
نیوہورائزن اسکول میں حسبِ روایت 25 / جنوری کو72 واںآن لائن جشنِ یوم ِجمہوریہ پورے تزک و احتشام کے ساتھ منایاگیا ۔اس پروگرام کو اسکول کے سر سید ہاؤس نے پیش کیا۔ پروگرام کا افتتاح فہد عظمت ، یسریٰ یوسف اور محمد یحییٰ کی تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ اس موقع پر اسکول منیجر کمال فاروقی ، سر سید ہاؤس انچارج ڈاکٹر اجے کمار اور اسپورٹس اساتذہ کے ذریعہ اسکول پہنچ کر کی گئی پرچم کشائی کانظارہ دکھایا گیا۔ویڈیو صدر شبیہ احمد اور اسکول منیجر کمال فاروقی اور پرنسپل محترمہ سلیکھا مہرا کی موجودگی میں پروگرام کی باقاعدہ شروعات ہوئی۔ بعد ازاں قومی یکجہتی اوروطنِ عزیز سے محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکول طلبا نے حمیرہ ریاض اور آصفہ نے حبّ الوطنی کے گیت گائے۔وہیں فرحان خان کے ذریعہ تیار کردہ ایک خوبصورت گیت شہ روز ، عُزیر خان اور شہاب کلیم نے بھی پیش کیا۔اس کے بعدکورونا وارئرس کی خدمات پر اُن کو سرٹیفکیٹ دیے گئے۔ دوسری طرف پہلی اور دوسری جماعت کے طلبا نے مجاہدین آزادی کے بیانات کے ساتھ اُن کے کردار ادا کیے۔ان طلبا کی عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اِنھیں منیجر صاحب کی جانب سے اول ، دوم اور سوم مقام کا سرٹیفکیٹ دیے گئے۔ اس موقع پر سر سید ہاؤس کے اساتذہ نے وطنِ عزیز سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے چکبستؔ لکھنؤی کی نظم  ’’ ہمارا وطن دل سے پیاراوطن ‘‘ پیش کی۔ آخر میں اسکول پرنسپل نے سبھی طلبا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے سبھی ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت سامعہ حسیب اورسمیّہ خان نے کی، جبکہ اسکول ترانہ اور قومی ترانے کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS