دبئی (یو این آئی):ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سوربھ گانگولی نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی انگلینڈ کے ساتھ ہندوستان میں سیریز منعقد ہونا بورڈ کی اولین ترجیح ہے ۔
گانگولی نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلنے کے باوجود اگلے سال جنوری اور مارچ میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کو ہندوستان میں منعقد کرانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی ترجیح ہندوستان میں یہ سیریز کرانا ہے اور وہ اس کے لئے پوری کوشش کریں گے ۔ تاہم متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا فائدہ یہ ہے کہ اس کے ابوظبی ، شارجہ اور دبئی میں تین میدان ہیں ۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ کورونا کی وجہ سے انگلینڈ کے ساتھ ہندوستان کی سریز اور اگلے سال کے آئی پی ایل متحدہ عرب امارات میں کھیلی جاسکتی ہے ۔
بی سی سی آئی نے میچوں کے انعقاد کے لئے امارات کرکٹ بورڈ کے ساتھ حال ہی میں ایک ایم او یو پر دستخط کیے ۔ گنگولی نے کہا کہ ہمارے پاس ممبئی میں متحدہ عرب امارات جیسی سہولت بھی ہیں۔ برابورن ، وانکھیڑے اور ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم ممبئی میں ہیں۔ اس کے علاوہ کولکاتا کا ایڈن گارڈن ہے ۔ ہم ہندوستان میں کرکٹ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں جہاں کرکٹ کا دل ہے ۔ لیکن ہم کورونا کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب سب کچھ مختلف ہے اور پچھلے چھ ماہ سے سب کچھ ٹھیک رکھنا مشکل ہے۔ ہر ایک کی خواہش ہے کہ یہاں کرکٹ شروع ہو اور عام زندگی کا آغاز ہو۔ لیکن آپ کو کرونا کی صورتحال پر بھی نگاہ رکھنی ہوگی۔
عام حالات میں ہندوستان میں گھریلو سیزن کی شروعات ہوتی۔ 2019-20 کے سیزن میں بی سی سی آئی نے مردوں اور خواتین کے مختلف عمر گروپوں میں 2036 ہوم میچز کا انعقاد کیا۔ لیکن کورونا کو دیکھتے ہوئے ملک بھر میں بہت ساری ٹیموں کے لئے بایو سیکیور پروٹوکول بنانا ممکن نہیں ہے ۔ ابھی تک گھریلو سیزن کی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور اس بار سیزن کافی کم ہوسکتا ہے ۔گانگولی نے کہا کہ ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ گھریلو سیزن کا آغاز ہو۔ ہمارے پاس بھی تمام اختیارات اور حالات ذہن میں ہیں۔ ہم کوشش کریں گے کہ اسے جلد سے جلد انجام دیا جائے ۔
انگلینڈ کے ساتھ سیریز ہندوستان میں کرانا پہلی ترجیح :گانگولی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS