نئی دہلی(ایجنسیاں) :ہندوستان رواں برس ہونے والے فیفا انڈر 17ویمنز ورلڈکپ کے فائنل کی میزبانی نوی ممبئی کو سونپی گئی جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ بھی اسی میدان میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ فیفا اور مقامی آرگنائزنگ کمیٹی (ایل او سی) نے اس سال 30اکتوبر کو ہونے والے فائنل میچ اور دیگر میچوں کا اعلان کیا۔ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچز گوا میں ہوں گے جبکہ ہندوستانی ٹیم گروپ مرحلے کے میچ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ باضابطہ قرعہ اندازی 24 جون کو ہوگی۔
گروپ مرحلے میں 24 میچ کھیلے جائیں گے جو 18 اکتوبر تک تین ریاستوں اڈیشہ، گوا اور مہاراشٹر میں کھیلے جائیں گے۔کوارٹر فائنلز 21 اور 22 اکتوبر کو ہوں گے جبکہ سیمی فائنل 26 اکتوبر کو ہوں گے۔ہندوستان اپنے گروپ مرحلے کے میچ 11، 14 اور 17 اکتوبر کو بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔
دو کوارٹر فائنل میچ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم اور فتوردہ کے پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ایل او سی پروجیکٹ ڈائریکٹرز انکش اروڑہ اور نندنی اروڑا نے ایک مشترکہ بیان میں کہا’’شیڈول کا اجرا اس تاریخی ٹورنامنٹ کے انعقاد میں ایک اہم لمحہ ہے۔ ہندوستان کے دوسرے فیفا ایونٹ کی میزبانی کی تیاریاں درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں اور ہمیں ایک بہت ہی کامیاب ٹورنامنٹ کی میزبانی کا یقین ہے‘‘۔ٹورنامنٹ میں کل 16 ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس میں کل 32 میچ کھیلے جائیں گے۔
نوی ممبئی کا ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم بڑے ایونٹس کی میزبانی کرنے کا عادی ہے، اس میدان میں اس سے قبل فیفا انڈر 17ورلڈکپ کے علاوہ اے ایف سی ویمنز ایشین کپ 2017اور انڈین پریمیئر لیگ کے میچ کی میزبانی کرچکا ہے۔
فیفاانڈر 17ویمنز ورلڈکپ کا فائنل نوی ممبئی میں ہوگا
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS