ایمان تازہ کرتا ہے رمضان مومنو

0

ایمان تازہ کرتا ہے رمضان مومنو!
رمضان کا یہ ہم پہ ہے احسان مومنو!

اس ماہِ دلنواز کی دیکھو یہ شان ہے
مصروف حمد کرنے میں سب کی زبان ہے
اہلِ صفا کے واسطے روزے کی شکل میں
صبر و رضا کا کتنا حسیں امتحان ہے

اس سے شکست کھاتاہے شیطان مومنو!
رمضان کا یہ ہم پہ ہے احسان مومنو!

آنکھوں میں ہے چمک سی تو چہروں پہ نُور ہے
در اصل بندگی کا یہ کیف وسُرور ہے
احساس تک نہیں ہے کوئی بھوک پیاس کا
ہر روزہ دار نشۂ وحدت میں چُور ہے

اس کیفیت کو کہتے ہیں وجدان مومنو!
رمضان کا یہ ہم پہ ہے احسان مومنو!

جاری ہیں صبح وشام نمازوں کے سلسلے
کچھ اعتکاف کرتے ہیں اور کچھ مراقبے
ہر حال میں ہے پیشِ نظر صرف بندگی
ہر شکل میں خدا کی رضا مندی شرط ہے

یوں ہو رہاہے خلد کا سامان مومنو!
رمضان کا یہ ہم پہ ہے احسان مومنو!

رمضان ایک تحفہ ہے پروردگار کا
ایمان کے چمن میں ہے جھونکا بہار کا
یہ آزمائے ہم کو بہر رنگ ایک ماہ
پیمانہ اس کو جانئے صبر و قرار کا

دیتا ہے درسِ تقویٰ یہ مہمان مومنو!
رمضان کا یہ ہم پہ ہے احسان مومنو!
ڈاکٹر حافظؔکرناٹکی

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS