لاہور، (ایجنسیاں) :چھٹے ٹی 20 میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے کر 7 میچوں کی سیریز 3-3 سے برابر کردی ہے۔لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کی دو طرفہ سیریز کا ساتواں اور آخری میچ اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔کپتان بابر اعظم کے ناقابل شکست 87 رنز کی بدولت پاکستان نے 6 وکٹ پر 169 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو 170 رنز کا ہدف دیا۔گزشتہ دو میچوں میں پاکستانی بولنگ لائن کی بہترین پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے 170 رنز کا ہدف بڑا سمجھا جارہا تھا۔انگلش بیٹنگ لائن خاص طور پر اوپنر فل سالٹ نے اپنی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسے آسان بنا دیا۔ انہوں نے 41 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی۔انگلینڈ نے 170 رنز کا ہدف 14 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔انگلش اوپنر فل سالٹ اور ایلکس ہیلز نے پاکستانی بولنگ لائن کی شروع سے ہی ایک نہ چلنے دی اور برق رفتاری کے ساتھ ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔مہمان ٹیم کی پہلی وکٹ 3 اعشاریہ 5 اوورز میں 55 کے اسکور پر گری جب ایلکس ہیلز 12 گیندوں پر 27 رنز بناکر پویلین لوٹے، ان کی وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی۔دوسری وکٹ پر فل سالٹ نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر 73 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کو مکمل طور پر یکطرفہ بنادیا۔128 کے مجموعے پر ڈیوڈ ملان جنہوں نے 18 گیندوں پر 26 رنز کی باری کھیلی، انہیں بھی شاداب خان نے پویلین بھیج دیا۔تیسری وکٹ پر فل سالٹ نے بین ڈنک کے ساتھ مل کر ناقابل شکست 42 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کو باآسانی شکست سے دو چار کیا۔پاکستان نے چھٹے ٹی 20 میچ میں کپتان بابر اعظم کے ناقابل 87 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 169 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کے لیے 170 رنز کا ہدف سیٹ کیا تھا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے گزشتہ میچ کی طرح ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ساتویں وکٹ پر بابر اعظم اور محمد نواز نے انگلش ٹیم کی مضبوط بالنگ لائن کے خلاف 18 گیندوں پر ناقابل شکست 33 رنز بٹورے۔ بابراعظم نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی، انہوں نے اس دوران 59 گیندوں کا سامنا کیا۔محمد نواز نے 7 گیندوں پر 12 رنز بنائے، انہوں نے اس دوران ایک چھکا بھی لگایا۔اس سے قبل محمد رضوان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے محمد حارث نے اپنے ڈیبیو میچ میں کپتان بابر اعظم کے ہمراہ اوپننگ کی، وہ 14 کے مجموعی اسکور پر ایک چھکے کی مدد سے 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔گرین شرٹس کی دوسری وکٹ 15 کے اسکور پر شان مسعود کی گری، جو بغیر کوئی رنز بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے، اوپر تلے2 وکٹیں گرنے کے بعد حیدر علی کپتان بابر اعظم کا ساتھ دینے کے لیے آئے۔دونوں نے تیسری وکٹ پر 47 رنز کی شراکت قائم کی، 62 کے مجموعے پر حیدر علی بھی کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے18 رنز کی باری کے دوران 14 گیندوں کا سامنا کیا۔چوتھی وکٹ پر کپتان بابر اعظم نے افتخار احمد کے ساتھ اسکور کو تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی، افتخار احمد 14 اعشاریہ 3 اوورز میں 21 گیندوں پر 31 رنز کی باری کھیل کر میدان چھوڑ گئے۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 35 گیندوں پر 48 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔7 میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 2-3 کی برتری حاصل ہے۔چھٹے میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، محمد رضوان اور حارث رو¿ف کو آرام دیا گیا ہے، شاہنواز دھانی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر محمد حارث آج اپنا پہلا ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں۔پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں، نائب کپتان شاداب خان، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، آصف علی، حیدر علی، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی اور عامر جمال ٹیم الیون کا حصہ ہیں۔انگلش ٹیم کے کپتان معین علی کا کہنا ہے کہ وکٹ کو دیکھ کر بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈکی پاکستان پر شاندار فتح ، سیریز 3-3 سے برابر
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS