انگلینڈ کے عادل راشد ٹی20 کے بہترین گیندباز

0

دبئی (یو این آئی): انگلینڈ کے لیگ اسپنر عادل راشد ٹی 20 کے بہترین گیند باز بن گئے ہیں اور ون ڈے زمرے میں پاکستان کے بابر اعظم ایک بار پھر ہندوستانی اوپنر شبمن گل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 824 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ ون ڈے بلے باز بن گئے ہیں۔ گل 810 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی آج یہاں جاری کی گئی تازہ رینکنگ کے مطابق ویسٹ انڈیز میں جاری انگلینڈ کی سیریز کے پہلے چار ٹی ٹوئنٹی میں سات وکٹیں لینے کے بعد راشد نے افغانستان کے راشد خان اور ہندوستان کے روی بشنوئی کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ رینکنگ حاصل کی۔ وہ ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصہ قبل آف اسپنر گریم سوان کے بعد، گیندبازوں کی آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ایک بننے والے انگلینڈ کے صرف دوسرے کھلاڑی ہیں۔

ہندوستان کے سوریہ کمار یادو جنوبی افریقہ میں دوسرے اور تیسرے ٹی 20 میں نصف سنچری اور سنچری بنانے کے بعد ٹی20 کے ٹاپ رینک والے بلے باز بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے محمد رضوان دوسرے نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ رینکنگ میں کین ولیمسن بدستور سرفہرست ہیں جب کہ پرتھ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی جیت کے بعد عثمان خواجہ تین درجے بہتری کے بعد چوتھی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: محمد شمی سمیت 26 کھیلاڑیوں کو ملے گا ارجن ایوارڈ

ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ میں پیٹ کمنز ایک درجہ ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ نیتھن لیون پانچویں، مچل اسٹارک آٹھویں اور جوش ہیزل ووڈ دسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ہندوستان کے آف اسپنر آر اشون بدستور ٹیسٹ میں ٹاپ گیند باز ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS