الیکشن نے امریکی جمہوریت کی حقیقت کو بے نقاب کیا :خامنہ ای

    0

    امریکی صدارتی انتخاب کے حوالے سے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے طنزیہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہیکہ اس الیکشن نے امریکی جمہوریت کی حقیقت کو بے نقاب کردیا ہے۔ خیال رہے کہ امریکی ریاست الاسکا کے آخری پولنگ اسٹیشن میں پولنگ ختم ہوئے 24 گھنٹے سے بھی زیادہ وقت گزر چکا ہے تاہم اب تک یہ فیصلہ نہیں ہوسکا ہے کہ وائٹ ہاؤس میں صدر کی کرسی پر کون براجمان ہوگا۔ اس حوالے سے ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ’کیا تماشہ ہے! ایک شخص کہہ رہا ہے کہ یہ امریکی تاریخ کے فراڈ ترین انتخابات ہیں، اور یہ کون شخص کہہ رہا ہے؟ امریکی صدر جو اس وقت عہدے پر برقرار ہے۔‘ خامنہ ای نے مزید لکھا کہ ’مخالفین کہہ رہے ہیں کہ ٹرمپ الیکشن میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، یہ ہے امریکی انتخاب اور جمہوریت کی حقیقت۔‘
    واضح رہے کہ چار برس قبل ڈونالڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات میں مزید تلخی آگئی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ امریکا کا جوہری معاہدے سے دستبردار ہونا اور ایران پر معاشی پابندیاں دوبارہ عائد کرنا ہے۔جوبائیڈن انتخابی مہم کے دوران اس بات کا اشارہ دے چکے ہیں کہ اگر وہ صدر منتخب ہوئے تو وہ 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے میں دوبارہ شامل ہوسکتے ہیں۔دوسری جانب ایرانی رہبر اعلیٰ اپنے بیان میں پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ امریکی انتخابی نتائج کا اثر ایرانی پالیسی پر نہیں پڑے گا۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS