نئی دہلی، (یواین آئی) الیکشن کمیشن نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہیں مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے متعلق اپنے کسی بھی سوال پر بات کرنے کی دعوت دی ہے۔
کمیشن کے ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ کمیشن نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے معاملے پر اس ماہ کی 7 تاریخ کو ایک انگریزی اخبار میں شائع مسٹر گاندھی کے مضمون میں اٹھائے گئے مسائل کے حوالے سے 12 تاریخ کو انہیں ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں انہیں مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسٹر گاندھی کو بتایا گیا ہے کہ کمیشن نے مہاراشٹرا انتخابات سے متعلق کانگریس پارٹی کی پہلے کی شکایات کا تفصیلی جواب پہلے ہی دے دیا ہے، جسے کمیشن کی ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ مسٹر گاندھی نے بڑی حد تک انہی مسائل کو اپنے 7 جون کے مضمون میں دہرایا ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے مسٹر گاندھی کو لکھا ہے کہ اگر واقعی مہاراشٹر کے انتخابات کو لے کر کوئی شکایت ہوتی تو کانگریس پارٹی کے امیدوار مجاز عدالت میں انتخابی عرضی داخل کرکے انہیں اٹھاتے۔ انہوں نے کہاکہ “اب بھی، اگر قائد حزب اختلاف کے ذہن میں کوئی سوال ہے، تو کمیشن تمام مسائل پر بات چیت کے لیے باہمی طور پر مناسب تاریخ اور وقت پر ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کے لیے تیار ہے۔”
مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات گزشتہ سال نومبر میں ہوئے تھے۔ کانگریس نے ووٹر لسٹوں اور آخری گھنٹوں میں ووٹنگ کی مبینہ تیز رفتاری سے متعلق کچھ سوالات اٹھائے تھے۔ کمیشن نے اس پر 24 دسمبر 2024 کو کانگریس کو تفصیلی جواب دیا تھا۔ جواب کی ایک کاپی کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ وہ تمام انتخابات کا انعقاد قانون کے مطابق کرتا ہے اور اس حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرتا ہے۔