یونیورسٹیز اور کالجوں میں آخری سیمسٹر کے امتحانات ہوں گے ستمبر کے آخر میں 

0

نئی دہلی: یونیورسٹیز گرانٹس کمیشن یعنی یو جی سی نے کورونا وبا کے مدنظر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آخری سال کے امتحانات ستمبر کے آخر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انسانی وسائل کے فروغ وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے پیر کو ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ یوجی سی نے اس سلسلہ میں اپریل کو جاری پرانی ہدایات کو بدلتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔ خیال رہے کہ 29اپریل کو یوجی سی نے کالج اور یونیورسٹیوں میں امتحانات منعقد کرنے اور نئے اکیڈمک کلنڈر اور داخلہ کے بارے میں رہنما ہدایات جاری کی تھیں۔ یوجی سی رہنما ہدایات میں جولائی میں امتحانات کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن اس کے بعد طلبا اور والدین نے حکومت سے درخواست کی کہ کووڈ۔19کی وجہ سے لاک ڈاون کے پیش نظر ان کے لئے امتحانات میں حصہ لینا ممکن نہیں ہے، جس کے بعد یوجی سی نے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی تھی اور اس کمیٹی نے گزشتہ دنوں اپنی رپورٹ سونپ دی۔ رپورٹ کی سفارشات پر آج یو جی سی کی ایمرجنسی میٹنگ ہوئی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالج اور یونیورسٹیوں میں آخری برس کے طلبا کے لئے امتحانات ستمبر مہینہ کے آخر میں کرائے جائیں گے اور یہ امتحانات آف لائن یا آن لائن یا ضرورت پڑنے پر دونوں طریقوں سے منعقد کئے جائیں گے۔ فیصلے کے مطابق اگر کوئی طالب علم اس امتحان میں پاس نہیں ہوتا تو اسے بعد میں امتحان میں حصہ لینے کا ایک اور موقع دیا جائے گا۔ آف لائن امتحان کا مطلب طلبا کاپی پین سے امتحان دیں گے۔ اگر کوئی طالب علم اپنے گزشتہ امتحانات نہیں دے سکا تو اسے پہلے آن لائن یا آف لائن موڈ میں امتحان دینا ہوگا۔ یو جی سی نے آج اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ امتحان دینے سے تعلیمی اعتبار میں اضافہ ہوتا ہے اور طلبا کو یکساں موقع ملتا ہے اور طلبا میں اطمینان اور اعتماد کا جذبہ بھی پیدا ہوتا ہے نیز طلبا اگر امتحان دیتے ہیں تو انہیں ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ حیثیت بھی ملتی ہے اس لئے یہ امتحانات کرائے جارہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS